لاہور واقعہ نہایت افسوسناک ہے،سابق چیئرپرسن ضلع کونسل اٹک ایمان طاہر

وزیراعظم معاملہ کی جلد از جلد انکوائری کرا کر اس میں شریک تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لائیں تاکہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات سے بچا جا سکے
اٹک :سابق رکن قومی اسمبلی و چیئرپرسن ضلع کونسل اٹک محترمہ ایمان طاہر نے کہا ہے کہ لاہور واقعہ نہایت افسوسناک ہے عدل و انصاف سے عاری معاشرے بالآخر انتشار ، قتل وغارت اور افراتفری کا مرکز بن جاتے ہیں اگر قانون کی گرفت مضبوط ہو تو ایسے واقعات جنم نہیں لیتے ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت میں کیا ہے انہوں نے کہا کہ ایک ہسپتال میں اس طرح کا واقعہ اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ بحیثیت قوم ہم کس طرف جا رہے ہیں وزیراعظم معاملہ کی جلد از جلد انکوائری کرا کر اس میں شریک تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لائیں تاکہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات سے بچا جا سکے اور اس قسم کا شرمناک واقعہ نہ ہو جس سے پوری دنیا میں جگ ہنسائی ہو رہی ہے دو گروہوں کی لڑائی میں ہسپتال میں داخل دل کے جو مریض جاں بحق ہوئے اور قیمتی جانی و مالی نقصان ہوا اس کا ذمہ دار کون ہے اور اسکی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے حکومت کا فرض ہے کہ اس بات کا بھی تعین کرے اصل مسئلہ اس بوسیدہ نظام کا ہے معاشرے عدل کی بنیاد پر قائم ہوتے ہیں اور انصاف کی بدولت عروج پاتے ہیں جس معاشرے میں انصاف نہ ہو وہ کسی بھی شعبہَ میں نہ صرف یہ کہ ترقی نہیں کرسکتے بلکہ بگاڑ انتشار اور تباہی ہی ان کا مقدر ہوتی ہے۔
تحریک انصاف کے پاس ایک موقع ہے عوام نے اس بوسیدہ نظام سے چھٹکارا پانے کے لیے تحریک انصاف کو ووٹ دیا تبدیلی ناگزیر ہو چکی ہے اگر موجودہ نظام میں بہتری نہ لائی گئی اور نظام کو صحیح سمت لانے کے اقدامات نہ کئے گئے تو ہر آنے والے دن یہی کچھ ہو گا ۔
