اٹک ،گڑدی چار افراد کی اندوہناک قتل کے ملزمان گرفتار

اٹک ،گڑدی چار افراد کی اندوہناک قتل کے ملزمان گرفتار

اٹک پولیس ظالم قاتلوں کو منطقی انجام تک پہنچانے تک چین سے نہیں بیٹھے گی ،ڈی پی او اٹک سید خالد ہمدانی کی پریس کانفرنس 

اٹک (صدیق فخر سے/ ڈیلی اٹک نیوز ویب) اٹک پولیس نے تھانہ انجراء کی حدود میں چار افراد کی اندوہناک قتل کی واردات میں ملوث ملزمان اور ان کو پناہ دینے والے ملزم کو گرفتار کر لیا یہ بات ڈی پی او اٹک سید خالد ہمدانی نے ڈی پی او آفس میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا پریس کانفرنس میں ڈی ایس پی جنڈ غلام اصغر چانڈیہ ، ایس ایچ او تھانہ انجراء غلام حسن ، ایس ایچ او تھانہ جنڈ نیاز احمد ، انچارج آئی ٹی لیب سب انسپکٹر جہازیب خان ، ایچ آئی یو سب انسپکٹر احمد نواز،سب انسپکٹر محمد طفیل اور اے ایس آئی محمد ایوب ، پی آر او ٹو ڈی پی او اٹک تیمور خان علی زئی بھی موجود تھے ڈی پی او اٹک سید خالد ہمدانی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ تھانہ انجراء کے گاءوں گڑدی میں 16 جنوری کو معمولی جھاڑیوں کے تنازعہ پر سرکاری ادارے کے سابق ملازم عطاء اللہ اور اس کے ساتھیوں نے اندھا دھند فائرنگ کر کے نسیم گل ، عزیز گل پسران سپین گل ، محمد ایوب ولد نسیم گل ، شمع پروین زوجہ نسیم گل اقوام پٹھان سکنائے گڑدی کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا جس پر پولیس نے تھانہ انجراء میں مقدمہ قتل درج کیا اور وہ ذاتی طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال جنڈ جہاں پوسٹ مارٹم ہو رہا تھا گئے اور لواحقین کو تسلی دی ، جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور ملزمان کو ٹریس کرنے کیلئے ڈی ایس پی جنڈ غلام اصغر چانڈیا کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ انجراء غلام حسن ، ایس ایچ او تھانہ جنڈ نیاز احمد ، انچارج آئی ٹی لیب سب انسپکٹر جہازیب خان ، ایچ آئی یو سب انسپکٹر احمد نواز،سب انسپکٹر محمد طفیل اور اے ایس آئی محمد ایوب پر مشتمل ٹیم تشکیل دی جنہوں نے 72 گھنٹے کے قلیل وقت میں دن رات محنت کر کے اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے قتل کی اس اندوہناک واردات میں ملوث 2 مرکزی ملزمان عطا اللہ خان ولد

شادی خان پٹھان سکنہ گڑدی جنڈ اور اس کے بیٹے حمید اللہ سکنائے گڑدی جنڈ کو گرفتار کر لیا ۔

دوران تفتیش پولیس نے سکول ٹیچر گورنمنٹ مڈل سکول گڑدی مشتاق احمد شاہد ولد عبد العزیز پٹھان سکنہ دکھنیر جس نے قتل کی واردات میں ملوث ملزمان کو پناہ دینے کے الزام میں زیر دفعہ 212 ت پ تھانہ انجراء میں مفرور تھا کو بھی آتشیں اسلحہ راءفل سمیت رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے اس کے خلاف بھی مقدمہ درج کر لیا اس موقع پر ڈی پی او اٹک نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر کے عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری اور فرض میں کبھی کوتاہی اور دقیقہ فرو گزاشت نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی جرائم پیشہ عناصر کو امن عامہ میں خلل ڈالنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی اور اٹک پولیس ظالم قاتلوں کو منطقی انجام تک پہنچانے تک چین سے نہیں بیٹھے گی ۔