زلفی بخاری صاحب ، (ن) لیگی منصوبے نہیں، فیلڈز کی قریبی آبادیوں کو گیس فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کریں 

زلفی بخاری صاحب ، (ن) لیگی منصوبے نہیں، فیلڈز کی قریبی آبادیوں کو گیس فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کریں 

دکھنی آئل فیلڈز ، رنگلی فیلڈز و دیگر کی5 کلو میٹر کی آبادیاں حقدار ہونے کے باوجود حق سے محروم،گیس سے دور دراز کے علاقہ فیض یاب

جنڈ(صدیق فخر سے/ ڈیلی اٹک نیوز ویب) تحصیل جنڈ کی طرف سے ایک بازگشت گونجی کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی اور قریبی دوست سید ذوالفقار عباس بخاری المعروف زلفی بخاری فروری میں چھپڑی گائوں کو گیس فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کریں گے۔ جس منصوبے کا افتتاح مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے ملک اعتبار خان اور ایم پی اے ملک ظفر اقبال ہمراہ او جی ڈی سی ایل افسران اپنے دور حکومت میں کر چکے ہیں، اس باز گشت کے سنتے ہی بغیر سوچے سمجھے اور غور کئے تحریک انصاف کے کارکنوں کی طرف سے بھنگڑے شروع ہو گئے ۔ حالانکہ ان کے علم میں ہے کہ یہ منصوبہ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت کا ہے لیکن ہمیشہ کی طرح حکومتی عہدیدار کی آمد اور اس کو خوش آمدید کہنے کیلئے پروگرام ترتیب دیئے جا رہے ہیں کیونکہ شاید پسماندہ ترین تحصیل جنڈ کے حصے میں صرف تقریبات اور خوش آمدید، پروٹوکول دینا ہی آتا ہے اور عوام کو بھی اسی پر خوش رکھنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

 

 معاون خصوصی وزیراعظم زلفی بخاری  جنڈ کا باضابطہ دو دفعہ دورہ کر چکے ہیں اور ان دوروں کے دوران مختلف منصوبوں کا بھی دھڑلے سے اعلان بھی کیا گیا لیکن سال ہونے کے بعد ان منصوبوں کا افتتاح تو دور کی بات کوئی عملی و کاغذی کارروائی تک شروع نہ ہو سکی اور گزشتہ دورے صرف ’’اعلانی دورے ‘‘ ہی ثابت ہوئے ۔ کیا ہی اچھا ہوتا کہ اس دفعہ  معاون خصوصی وزیراعظم  زلفی بخاری کی آمد اپنے اعلان کئے گئے منصوبوں کے افتتاح کیلئے ہوتے لیکن۔۔۔۔۔۔آمد متوقع بھی ہے تو وہ بھی مسلم لیگ (ن) کے منصوبوں کے افتتاح کیلئے۔ بخاری خاندان سے تحصیل جنڈ کی عوام وزیر ،مشیر، ایم پی اے وغیرہ ہونے کی وجہ سے نہیں کرتی بلکہ ان سے عوام کی محبت کی اصل وجہ حضرت سید رحمت اللہ شاہ بُخاری المعروف چھانگلا ولی موج دریا زیارت بیلا جنڈ اٹک سے نسبت ہے، جہاں انہوں نے کامیابی کے بعد حاضری تو دی اور سید یاور بخاری بھی بیل دوڑ میںمہمان خصوصی بنے لیکن وہاں تک جانے والی سڑک جس کی مکمل پختگی کا اعلان کیا گیا تھا وہ تاحال ان کی نظر کرم کی منتظر ہے۔

 

تحصیل جنڈ میں چھپڑی میں گیس فراہمی کے ن لیگی منصوبے کے افتتاح کی وجہ سے سوشل میڈیا پر جب تنقید کا نشانہ بنایا گیا تو پھر کہیں جا کر جاگ آئی اور تحصیل جنڈ میں ٹیکنیکل کالج بنانے کے اعلان پر کاغذی کارروائی شروع کر دی گئی اور تحریک انصاف کی طرف سے تصدیق بھی کرنی پڑ گئی کہ یہ منصوبہ ن لیگ کے دور حکومت کا ہی تھا اور تحریک انصاف حکومت کا آپ لوگوں پر یہ’’احسان ‘‘ ہے کہ اس منصوبے کو ختم نہیں کیا بلکہ جاری رکھا ہوا ہے۔حالانکہ ذرائع کے مطابق این اے 56 کے کئی دیہاتوں کو گیس فراہمی کے منصوبوں تحریک انصاف کی حکومت کے آتے ہی زیر التواء کر دیئے گئے ۔

 

گیس آئل فیلڈز دکھنی، ناڑہ، رنگلی،کوٹ چھجی، لنگر کی قریبی آبادیوں کے اہلیان علاقہ نے معاون خصوصی زلفی بخاری صاحب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مسلم لیگ (ن) کے منصوبے کا نہیں بلکہ فیلڈز کی قریبی آبادیوں کو گیس فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کریں کیونکہ قریبی آبادیوں کا اس گیس پر پہلا حق ہے جسے کئی سالوں سے محروم رکھا گیا ہے اور فیلڈز پر یہ قانون لاگو ہوتا ہے کہ وہ پانچ کلو میٹر کی قریبی آبادیوں کو سب سے پہلے گیس فراہم کریں، اس منصوبے کے افتتاح سے حکومت کے خزانے سے کچھ نہیں جانا بلکہ ان فیلڈز نے ہی گیس فراہم کرنی ہے۔ اہلیان علاقہ ایک دفعہ پھر معاون خصوصی زلفی بخاری سے مطالبہ اور اپیل کرتے ہیں کہ وہ ڈھوک لوہار، بھنڈر، بیلہ، زیارت، کھڑیوٹ، پڑوٹ، اچھڑی، جابہ، رنگلی، پنڈ سلطانی، ڈنگی ناڑی و دیگر قریبی آبادیوں کو جن کا حق بنتا ہے ان کو گیس فراہم کریں۔ یہ بات سب کے علم میں ہے کہ زلفی بخاری صاحب وزیراعظم عمران خان کے قریبی دوست بھی ہیں اور ان کیلئے یہ کام بہت معمول حیثیت رکھتا ہے۔ علاوہ ازیں  حضرت سید رحمت اللہ شاہ بُخاری المعروف چھانگلا ولی موج دریا زیارت بیلا جنڈ اٹک سے نسبت کی وجہ سے ہم اہلیان علاقہ آپ کو ہمیشہ اور آپ کے خاندان کو اور ہر بار کھلے دل سے خوش آمدید کہیں گے۔ 
(نوٹ:ایڈیٹر کی آراء سے آپ کا متفق ہونا ضروری نہیں، اگراس مہم میں شامل ہونا چاہتے ہیں تو آگے ضرور شیئر کریں)