کورونا وائرس ، عوام احتیاط کریں ،گھبرانا نہیں: وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان کا کورونا وائرس سے متعلق اقدامات پر قوم سے خطاب میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کو پھیلنا ہے، عوام احتیاط کریں، آپ نے گھبرانا نہیں ہے، ہم یہ جنگ جیتیں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کے معاملے پر افراتفری پیدا کرنے کی ضرورت نہیں، کورونا وائرس کی خاصیت یہ ہے کہ جلد پھیل جاتا ہے جس کے 90 فیصد مریضوں کو صرف نزلہ اور زکام ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وائرس سے متاثرہ صرف 4 یا 5 فیصد مریضوں کو اسپتال جانے کی ضرورت ہوتی ہے اور 97 فیصد مریض صحت یاب ہوجاتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ معلوم تھا کہ چین میں کورونا وائرس پھیلا ہے تو پاکستان بھی پہنچے گا، وائرس کے آغاز پر ہی مسلسل چین سے رابطے میں تھے اور ایران سے بھی مسلسل رابطے میں تھے کیوں کہ چین کے بعد پڑوسی ملک ایران میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیلا۔
بلوچستان حکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلوچستان حکومت نے مشکل حالات میں بڑی کوشش کی اور بلوچستان حکومت کو اقدامات پر مبارک باد دیتا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ خطاب کا مقصد قوم کو کورونا وائرس سے متعلق اقدامات پر اعتماد میں لینا ہے، پہلا کیس 26 فروری کو آیا، ہم نے پچھلے ہفتے 20 کیس سامنے آنے پر قومی سلامتی کمیٹی کی میٹنگ بلائی۔وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ اٹلی میں شروع میں کچھ نہیں کیا اور جب کیس بڑھے تو لاک ڈاؤن کیا، امریکا اور برطانیہ نے بھی شہر بند کردیے، ہمارے پاس بھی شہر بند کرنے کی تجویز آئی لیکن پاکستان میں وہ حالات نہیں ہیں کیوں کہ ہم شہر بند کردیتے ہیں تو ایک طرف لوگوں کو کورونا سے بچائیں گے تو دوسری طرف لوگ بھوک سے مرجائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ پھر ہم نے فیصلہ کیا کہ اسکول کالج اور عوامی اجتماعات بند کیے، اور کوآرڈی نیشن کمیٹی بنائی جس کے 2 پہلو ہیں ایک صوبائی حکومتیں اور دوسرا این ڈی ایم اے ہے، ہم نے این ڈی ایم اے کو فعاک کیا اور اسے پیسے دیئے، 4 سے 5 فیصد لوگوں کو جو کورونا وائرس کا اٹیک ہوگا اس کے لیے وینٹی لیٹرز چاہیے ہوں گے اور حکومت نے وینٹی لیٹرز آرڈر کردیے ہیں۔
