جنڈ، انتظامیہ کورونا اقدامات میں مصروف، منافع خور وں نے آٹا بحران پیدا کر دیا

جنڈ، انتظامیہ کورونا اقدامات میں مصروف، منافع خور وں نے آٹا بحران پیدا کر دیا

جنڈ(صدیق فخر سے/ ڈیلی اٹک نیوز) تحصیل جنڈ میں آٹا غائب،عوام کو مشکلات کا سامنا، تحصیل و ضلعی انتظامیہ کورونا وائرس اقدامات میں مصروف

، ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے وارے نیارے، جنڈ شہر کے پاس ہی آٹا کی دو ملز ہونے کے باوجود دکانوں سے آٹا غائب، خوشحال گڑھ پل کے راستے آٹا کے پی کے سمگل ہونے لگا، خوشحال گڑھ چیک پوسٹ پر چیکنگ کے انتظامات سخت  اور انتظامیہ سے حکومت کی رٹ قائم کرنے اور سخت کارروائی کا مطالبہ، 

تفصیلات کے مطابق لاک ڈائون کی افواہیں اور کورونا وائرس کی وجہ سے جنڈ شہر سے آٹا غائب  ہو گیا، تحصیل و ضلعی انتظامیہ کورونا وائرس اقدامات میں مصروف ہیں جس کی وجہ سے ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے وارے نیارے ہو گئے، 20 کلو آٹے کا تھیلا جس کا ریٹ805 سے 810 روپے ہے منافع خور900 سے 1000 روپے کا فروخت کر رہے ہیں زیادہ منافع کے چکر میں دکانوں سے آٹا غائب کر دیا گیا جس کی وجہ سے عوام کو سخت پریشانی کا سامنا ہے، جنڈ شہر کے قریب دو آٹے کی ملز ہونے کے باوجود دکانوں میں آٹا نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے۔ پنجاب کی نسبت کے پی کے میں آٹا زیادہ مہنگا ہونے کی وجہ سے خوشحال گڑھ پل کے راستے کے پی کے آٹا سمگل کیا جانے لگا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ آٹا ڈیلر اور ملزوالوں کی بھی یہ ترجیح ہوتی ہے کہ آٹا پنجاب کی بجائے کے پی کے کی طرف بھیجا جائے اور زیادہ منافع کمایا جائے۔ روزانہ کی بنیاد پر کئی آٹے سے بھری ہوئی گاڑیاں خوشحال گڑھ پل کے راستے کے پی کے سمگل کی جا رہی ہیں جو جنڈ شہر کے ڈیلروں اور ملز سے آٹا لے کر کے پی کے پہنچا رہی ہیں جب کہ تحصیل جنڈ کی عوام آٹے کیلئے ذلیل و خوار ہو رہی ہے ۔

 

آج بروز سوموار23 مارچ پورے جنڈ شہر میں ایک آٹے کا توڑا بھی کسی دکاندار کے پاس نہیں تھا جب کہ اندرونی ذرائع کے مطابق یہ سب کچھ آٹے پر زیادہ منافع کمانے کے چکر میں کیا جا رہا ہے جب کہ ملز کے پاس بھی کافی سٹاک موجود ہے لیکن دکانوں اور آٹا ڈیلروں کے پاس آٹا نظر نہیں آ رہا۔ ذرائع کے مطابق اس کے پیچھے منافع خور مافیا ہے جو زیادہ منافع کے چکر میں آٹا شارٹ کر رہا ہے۔ اہلیان علاقہ نے ڈپٹی کمشنر اٹک، ڈی پی او اٹک، اسسٹنٹ کمشنر اٹک  و دیگر انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر اس بحران پر قابوپایا جائے اور سخت کارروائی کی جائے اور خوشحال گڑھ چیک پوسٹ / منکور چیک پوسٹ پر چیکنگ کے انتظامات سخت کئے جائیں اور آٹے سے بھری ہوئی گاڑیوں کوتھانے میں بند کیا جائے اور متعلقہ افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ حالات جیسے بھی ہوں کسی کی ہمت نہ ہو کہ آٹا و دیگر اشیاء کا بحران پیدا کر سکے۔یہ تمام تر کام ملی بھگت سے ہو رہا ہے،ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر جو ایک عوامی افسر ہیں اور ہر وقت عوام کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے ان سے مطالبہ  ہے کہ تحصیل جنڈ میںاس سے پہلے کہ بحران مزید شدت اختیار کرے اس مسئلے کا فوری نوٹس لیا جائے اور متعلقہ لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کر کے عبرت کا نشان بنایا جائے۔