تمام علاقوں میں ترقیاتی سکیمیں ضرورت کے مطابق دیں گے،افتخار ایوب

دھیرکوٹ(راجہ انعام الحق) سابق امیدوار اسمبلی و مرکزی نائب صدر مسلم لیگ ن راجہ افتخار ایوب نے کہا کہ حلقہ دھیرکوٹ میں وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی خصوصی دلچسپی پر ہم ان کے شکر گزار ہیں، وزیر اعظم انفراسٹریکچر پروگرام کے تحت دیئے گئے فنڈز کو صاف اور شفاف طریقے سے استعمال کرنا ہماری ذمہ داری ہے، ترقیاتی سکیمیں تمام علاقوں میں ضروریات کی بنیاد پر دینی ہماری اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا ظہار نکر تمروٹہ میں لنک روڈ کے افتتاح کے موقع پر راجہ افتخا ر ایوب نے کیا ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے محکمہ لوکل گورنمنٹ کے اند رصاف و شفاف نظام قائم کر کے گڈ گورننس کا بہترین ثبوت دیا ہے ۔ترقیاتی کام دیکھ کر مخالفین کے پیٹ میں مروڑ پڑ رہی ہے اور وہ مختلف پروپیگنڈے کرنے میں مصروف ہیں۔ ماضی میں سکیمیں گھر بیٹھ کر پسند نا پسند کی بنیاد پر دی جاتی تھیں۔ آج مسلم لیگ کی حکومت میں سکیمیں لوگوں کی مشاورت اور پسماندہ علاقوں میں دی جا رہی ہیں ۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن تحصیل دھیرکوٹ کے صدر راجہ محمد اشراف خان،راجہ عنصر شفیق ایڈوکیٹ ،راجہ عبدالوہاب،راجہ شبیر خان، راجہ خان محمد خان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ راجہ افتخار ایوب نے مزید کہا کہ کارکن جماعت کے اندر کامل یکجہتی اور اتحاد قائم رکھیں ۔ سب لوگوں کو ساتھ لے کر چلنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ ن لیگ کے کارکن ہمارے اثاثہ ہیں۔ وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان کا کابینہ میں اضافے کا فیصلہ بہت درست فیصلہ ہے۔ کابینہ میںاضافے کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ ن کے محنتی اور دیرینہ کارکنوں کی ایڈجسمنٹ بھی ہو رہی ہے۔وزیر اعظم اور ان کی کابینہ پارلیمانی پارٹی خراج تحسین کی مستحق ہے جنہوں نے آزاد کشمیر میں میرٹ اور گڈ گورننس کی شاندار مثال قائم کی ۔ ان سے کارکنوں کے حوصلہ میں اضافہ ہوتا ہے اور کارکنوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایک دوسرے کے لیے بھائی چار ے رواداری اور یکجہتی کا مظاہر کرتے ہوئے بلدیاتی انتخابات کے لیے اچھی صف بندی کریں۔
