اسلام آباد نے دلچسپ مقابلے کے بعد کراچی کو پی ایس ایل سے باہر کر دیا

مانیٹرنگ ڈیسک
کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 4 کے ایلیمنیٹر میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو شکست دیکر ٹورنامنٹ سے آو¿ٹ کر دیا۔ نیشنل اسٹڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کی جانب سے دیا گیا 162 رنز کا ہدف آخری اوور میں پورا کیا۔ قبل ازیں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کراچی کی جانب سے اننگز کا آغاز بابر اعظم اور کولن منرو نے کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 52 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ کنگز کو پہلا نقصان کولن منرو کی صورت میں ہوا جب وہ 11 گیندوں پر 32 رنز بنا کر آو¿ٹ ہوئے۔ کراچی کنگز کی دوسری وکٹ 102 رنز پر اس وقت گری جب لونگ اسٹون 30 رنز بنا کر آو¿ٹ ہوئے اور پھر جلد ہی بابراعظم بھی 42 رنز بنا کر آو¿ٹ ہو گئے۔ تین کھلاڑیوں کے آو¿ٹ ہونے کے بعد کراچی کا کوئی بھی کھلاڑی اسلام آباد کے بولرز کا جم کر مقابلہ نہ کر سکا اور پوری ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنا سکی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے موسیٰ خان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو آو¿ٹ کیا۔ فہیم اشرف نے دو جب کہ رومان رئیس اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ یونائیٹڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز لیوک رونکی اور کیمرون ڈیلپورٹ نے کیا لیکن رونکی 5 رنز ہی بنا سکے۔ کیمرون ڈیلپورٹ نے 38 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ ایلکس ہیلز نے 41 اور حسین طلعت نے 32 رنز کی اننگز کھیلی۔ آخری اوور میں فہیم اشرف اور آصف علی نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ فہیم اشرف نے 17 اور آصف علی نے 20 رنز کی اننگز کھیلیں۔ اب اسلام آباد یونائیٹڈ کل پشاور زلمی سے ٹکرائے گی اور میچ جیتنے والی ٹیم فائنل میں کوئٹہ سے مقابلہ کرے گی۔
