مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر چینی وزیرخارجہ نے دورہ بھارت منسوخ کردیا

چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر اپنا بھارت کا دورہ منسوخ کردیا۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ای کو رواں ماہ کی 9 تاریخ کو نئی دہلی پہنچنا تھا جہاں انہیں بھارت کے مشیر برائے قومی سلامتی اجیت دوول سے ملاقات کرنا تھی۔ چینی وزیر خارجہ کے بھارت کے ساتھ سرحدی تنازعات کے حوالے سے مذاکرات ہونے تھے لیکن اب چینی وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے باعث بھارت کا دورہ منسوخ کردیا ہے۔ بھارت کی جانب سے چینی وزیرخارجہ کے دورے کے حوالے سے نئی تاریخ طے کرنے کی سر توڑ کوششیں تاحال کامیاب نہیں ہوسکی ہیں۔چینی وزیر خارجہ وانگ ای رواں ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے۔   یاد رہے کہ چین نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت بدلنے کے اقدام پر تشویش کا اظہار کیا تھا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کیلئے پاکستان کی حمایت کی تھی۔  خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے 31 ویں روز بھی مسلسل لاک ڈاؤن جاری ہے جس کے باعث وادی میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، بچوں کے دودھ، جان بچانے والی ادویات اور اشیائے ضروریہ کی شدید قلت ہے۔ قابض بھارتی فوج نے مواصلات کا نظام بھی بالکل منقطع کررکھا ہے، مقبوضہ وادی میں ٹیلیفون، موبائل فون اور انٹرنیٹ کی سروس بالکل بند ہے۔