سینیٹ میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا معاملہ اٹھایا جائے:لطیف اکبر

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر اور سابق صدر آزاد ریاست جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے جمعہ کے روز قومی اسمبلی میں سینیٹ کے نومنتخب چیئرمین صادق سنجرانی سے اُن کے چیمبر میں ملاقات کی اورسینیٹ کا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ اس ملاقات میں پیپلز پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ ذوالفقار علی اور ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات سید عزادار حسین کاظمی بھی اُن کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر چوہدری لطیف اکبر اور سردار محمد یعقوب خان نے صادق سنجرانی کی کامیابی کو جمہوریت کی بالادستی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سینیٹ ملک کا اہم ترین ایوان ہے اس ایوان کا چیئرمین منتخب ہونا ایک اعزاز ہے۔ دونوں رہنمائوں نے سینیٹ کے چیئرمین کی کامیابی کو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے چیئرمین آصف علی زرداری کی دور اندیش سیاسی بصیرت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سینیٹ کے حالیہ انتخابات سے چھوٹے صوبوں کی احساس محرومی کا خاتمہ ہوا ہے وہاں جمہوریت کی فتح اور ایوان بالا کے وقار میں اضافہ بھی ہوا ہے۔ دونوں کشمیری رہنمائوں نے چیئرمین سینیٹ کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے کشمیری عوام پر ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا اور سیز فائر لائن پربھارتی افواج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ اور اُس کے نتیجے میں شہید، زخمی اور بے گھر ہونے والے مظلوم اور نہتے شہریوں کی تشویشناک صورتحال سے بھی باخبر کیا۔ اور انہیں درخواست کی کہ ان تشویشناک صورتحال کو سینیٹ میں زیر بحث لایا جائے اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنمائوں سے جلداز جلد ملاقات کا اہتمام بھی کیا جائے۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور اپنی کامیابی کو اللہ تعالیٰ کی مہربانی اور ملک و قوم سے مخلص سیاسی جماعتوں اور قائدین کی شفقت کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے کشمیری قیادت کو مسئلہ کشمیر اور سیز فائر لائن کی صورتحال کو سینیٹ زیر بحث لانے سمیت آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنمائوں سے جلد از جلد ملاقات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ صادق سنجرانی نے دعوت قبول کرتے ہوئے جلد آزادکشمیر کا دورہ کرنے کا بھی اعلان کیا۔