6 ماہ میں کراچی سے کچرا ختم،3 سال میں ہر گھر پر پانی پہنچے گا: شہبازشریف

کراچی: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے انتخابی مہم کا آغاز کراچی سے کردیا۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے دو روزہ دورے پر کراچی میں دبنگ انٹری ماری، چارٹر طیارے سے کراچی پہنچے جہاں پارٹی رہنما رانا مشہود اور سلیم ضیاء سمیت دیگر نے ان کا استقبال کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ’جب میں نے کہا تھا کہ لاہور کو پیرس بناؤں گا تو مذاق اڑایا گیا تھا لیکن اب کہتا ہوں کہ کراچی کو جنوبی ایشیا کا پیرس بناؤں گا‘۔

شہباز شریف نے کراچی میں اپنے حلقہ انتخاب این اے 249 بلدیہ ٹاؤن میں جلسے سے خطاب بھی کیا اور کراچی کے اہم ترین مسائل حل کرنے کا دعویٰ کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ’چھ ماہ میں کراچی سے کچرا ختم کریں گے، تین سال میں شہر کے ہر گھر پر پانی پہنچے گا، پبلک ٹرانسپورٹ کراچی کا حق ہے، کراچی کو جنوبی ایشیا کا پیرس بنائیں گے‘۔

 

شہباز شریف نے تحریک انصاف پر بھی تنقید کی اور کہا کہ کہا عوام دیکھ لیں کارکردگی پر فیصلہ کرنا ہے یا بیان بازی پر؟

ایف پی سی سی آئی میں خطاب

شہبازشریف نے مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کا آغاز فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی) سے کیا جہاں انہوں نے تاجروں اور صنعت کاروں سے خطاب کیا۔

اپنے خطاب میں مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ 2013 میں پاکستان کو دو چیلنجز تھے، سب سے بڑا چیلنج لوڈ شیڈنگ تھا، توانائی بحران کےباعث برآمدات کونقصان پہنچ رہاتھا لیکن ہم نے 5 سال کے دوران بہترین کارکردگی دکھائی اور آج ہم لوڈشیدنگ فری ہوچکے ہیں۔

کراچی کو ٹینکر مافیا سے نجات دلانا ہوگی: شہبازشریف

شہبازشریف کا کہنا تھاکہ جس طرح بجلی کا بحران حل کیا کراچی میں پانی کا بحران بھی ایسے حل ہونا چاہیے، کراچی کو ٹینکر مافیا سے نجات دلانا ہوگی، تین سال میں شہر کے ہر گھر میں پینے کا صاف پانی ہوگا، 6 ماہ میں شہر میں کوڑے اور غلاظت کے ڈھیر ختم کرنے ہیں، کراچی کو ایشیا کا نہیں بلکہ ساری دنیا کا مثالی شہر ہونا چاہیے۔

(ن) لیگ کے صدر نے کہا کہ کوئی بلند وبانگ دعوےکرنے نہیں آیا، کراچی کے کھوئے ہوئے مقام کو واپس دلوانے میں اپنا کردار ادا کرینگے، کراچی کے لیے صوبائی فنڈز پر انحصار نہ کیا جائے، صوبائی حکومت کےساتھ وفاقی حکومت کو بھی کردار ادا کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھاکہ کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ ایک بڑا مسئلہ ہے، پبلک ٹرانسپورٹ بھی مہیاء کرنا اولین ذمہ داری ہے، جو لاہور میں میٹرو بس بنی پہلے کراچی میں بننی چاہیے تھی، شہر کے پبلک ٹرانسپورٹ، پانی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور انفرا اسٹرکچر کو ٹھیک کریں گے کیونکہ اچھے روڈ اور انفرا اسٹرکچر نہیں بنائیں گے تو شہر جام ہو جائے گا، یہ ویژن (ن) لیگ کا کراچی کے لیے ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کھٹائی میں پڑ گیا، کالاباغ قومی وحدت کو نقصان پہنچاکر نہیں بنایا جاسکتا، ہمیں بھاشا ڈیم کو ترجیح دینا ہوگی، ہم نے 20 سال ضائع کردیئے، یہاں کوئی پوائنٹ اسکورننگ نہیں کررہا اس حمام میں سب ننگے ہیں کیونکہ کسی نے کام نہیں کرنا تھا، سب بہانے ڈھونڈتے رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بھاشا ڈیم پر توجہ دینا ہوگی، ڈیم کی زمین ڈھونڈی جاچکی ہے اور اس پر 100 ارب کی سرمایہ کردی، پانچ سال میں اس ڈیم کا مکمل ہونا مشکل ہے لیکن اللہ نے موقع دیا تو پانچ سال میں بھاشا ڈیم کو 80 فیصد تک مکمل کردیں گے، اس سے 4 ہزار میگاواٹ سستی بجلی پیدا ہوگی۔

شہبازشریف نے بھارت سے معاشی جنگ جیتنے کے عزم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ہمیں عسکری لڑائی میں شکست نہیں دے سکتا لیکن اب ہمیں اس سے معاشی جنگ لڑنا ہے، بھارت سے ٹائٹل واپس لانا ہے۔

بعد ازاں شہبازشریف نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

مزار قائد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ جب میں نے کہا تھا کہ لاہور کو پیرس بناؤں گا تو مزاق اڑایا گیا تھا، اب کہتا ہوں کہ کراچی کو ساؤتھ ایشیا کا پیرس بناؤں گا اور جو وعدہ کرتا ہوں وہ پورا کرتا ہوں۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر کا کہنا تھا کہ آج کتاب میں لکھا ہے کہ ہم کسی سے پیچھے نہ رہیں گے، ہم صحیع معنوں میں قائد کا پاکستان بنائیں گے، وعدہ کررہا ہوں کہ کراچی کو ساؤتھ ایشیا کا خوبصورت شہر بنائیں گے۔

(ن) لیگ کے صدر منگل کو لیاری اور ضلع ملیر کا بھی دورہ کریں گے۔