سڑکوں کی مرمت میں ناقص میٹریل استعمال ہو رہا ہے: سابق کونسلر طارق محمود

پنڈی گھیب :مالی سال ختم ہونے سے قبل مال ہضم کرنے کیلئے ضلع اٹک کی سڑکوں کی لیپا پوتی شروع کر دی گئی ہے، بڑے بڑے گڑھوں کو بھرنے کیلئے ناقص میٹرئل کا استعمال ہونے لگا، پنجاب حکومت نے محکمانہ کرپشن سے بوجوہ چشم پوشی اختیار کر رکھی ہے ، ان خیالات کا اظہار سابق کونسلر طارق محمود نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ جاری مالی سال کے ختم ہونے سے ایک ڈیڑھ ماہ قبل محکمہ شاہرات نے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکتے ہوئے مختلف شاہراوٗں کی مرمت کا کام شروع کر دیا ہے بسال روڈ، ناڑہ روڈ اور فتح جنگ روڈ سمیت دیگر خستہ حال سڑکوں پر موجود بڑے بڑے گڑھوں کو بھرنے کیلئے انتہائی ناقص میٹرئل استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ ٹھیکیداروں کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے،انہوں نے کہا کہ کرپشن ختم کرنے کے وعدے پر ووٹ لینے والے موجودہ حکومت کے وزیر وں اورمشیر وں نے محکمانہ کرپشن سے مسلسل چشم پوشی اختیار کر رکھی ہے انہوں نے ارباب اختیارات سے فوری طور پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
