معدنی دولت سے مالا مال تحصیل جنڈ کی قریبی آبادیاں گیس کی سہولیات سے محروم

اسلام آباد (صدیق فخر سے) معدنی دولت سے مالا مال تحصیل جنڈ کی آئل فیلڈز سے نکلنے والی گیس سے دوسرے شہر مستفید ہونے لگے، جبکہ قریبی آبادیاں کئی سال گزرنے کے باوجود گیس کی سہولت سے محروم ، اہلیان علاقہ کا حکومت سے گیس فراہم کرنے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق تحصیل جنڈ جو معدنی دولت سے مالا مال تحصیل ہے جس کی دوفیلڈز دکھنی اور سگھری/ رنگلی سے معدنی ذخائر کی صورت میں حکومت خزانے میں اربوں روپے جا رہے ہیں اور یہاں سے نکلنے و الی زہریلی گیسوں سے قریبی آبادیاں بھی شدید متاثر ہو رہی ہیں۔ جس کی وجہ سے وبائی امراض بھی پھیل رہے ہیں لیکن یہاں سے نکلنے والی گیس سے کئی سال گزرنے کے باوجود قریبی آبادیاں محروم ہیں ۔حالانکہ گیس سے نکلنے والے علاقوں کی5 کلومیٹر تک آبادیوں کو گیس فراہم کرنا متعلقہ کمپنی کی ذمہ داری ہوتی ہے ، لیکن گیس ملنا تو درکنار، اہلیان علاقہ کو رائیلٹی کی مد میں ملنے والی رقم سے ہونے والے ترقیاتی کاموں سے بھی محروم رکھا گیا ہے اہلیان علاقہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قریبی آبادیوں ڈھوک لوہار، بیلہ/ زیارت، کھڑیوٹ، اچھڑی جابہ، بھنڈر، رنگلی، پنڈسلطانی و دیگر قریبی آبادیوں کو ترجیحی بنیادوں پر گیس فراہم کی جائے۔
