بلدیاتی الیکشن کی تیاریاں،امیدواروں کے قیادت سے روابط تیز

اسلام آباد(صدیق فخر سے)حکومت کی بلدیاتی الیکشن کی تیاریاں شروع، بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے والے متوقع امیدواروں نے بھی لنگوٹ کس لیے، بلدیاتی الیکشن کے لیے حلقہ بندیوں پر کام تیزی سے جاری ہے ،تحصیل سطح پر موضع جات کی فہرستیں آویزاں کر دی گئیں ہیں،جبکہ تحصیل کی نمائندگی حاصل کرنے کے لیے امیدواروں نے پارٹی اور گروپ کی مرکزی قیادت سے روابط شروع کر دیئے ہیں تاکہ بلدیاتی الیکشن میں وہ تحصیل سطح کا الیکشن لڑ سکیں۔ بلدیاتی الیکشن کی بازگشت کے ساتھ ہی سیاسی گہما گہمی بھی شروع ہو چکی ہے ، الیکشن لڑنے کیلئے کئی امیدواروں نے لنگوٹ کس لیے، گلی ، محلے، گائوں ، تحصیل اور ضلع سطح پر رابطہ مہم کا آغاز کر دیا ہے اور ابھی سے جوڑ توڑ کے معاملات اندرون خانہ شروع ہو چکے ہیں علاوہ ازیں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخواہ، پنجاب، بلوچستان اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پیش نظرتمام صوبائی الیکشن کمشنرز کو انتخابی فہرستوں کی تیاری کو جلد مکمل کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ترجمان الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق تجدید شدہ انتخابی فہرستوں کی ابتدائی اشاعت ماہ نومبر 2019میں کی جائے گی۔ عوام الناس کی سہولت کے پیش نظر ہر ضلع میں مختلف مقامات پر ڈسپلے سنٹرز /معائنہ مراکز قائم کیے جائیں گے ۔ متعلقہ علاقہ کے رہائشیوں کو موقع فراہم کیا جائے گا کہ وہ ابتدائی انتخابی فہرستوں میں اپنے اوراپنے اہل خانہ کے کوائف کا معائنہ کرکے تسلی کر لیں کہ ان کے نام اور کوائف درست طور پر درج ہیں بصورت دیگر ووٹ اندراج / منتقلی اور درستگی کوائف کے لیے بھی ڈسپلے سنٹرز میں فارم جمع کروانے کی سہولت موجود ہوگی۔واضع رہے کہ الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 27کے مطابق ووٹ کا اندراج اب صرف شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ پر کروایا جاسکتا ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے پیش نظرماہ اکتوبر 2019 سے تمام اضلاع میں ووٹرز آگاہی مہم بھی شروع کی جارہی ہے۔
