اٹک: ووٹر آگاہی مہم و اندراج ووٹ کی تیاریاں مکمل

اٹک: اکتوبر کے پہلے ہفتے سے ضلع بھر میں ووٹر آگاہی مہم شروع کی جارہی ہے جس کی مکمل تیاری کر لی گئی ہے ووٹ کے اندراج کا تمام رائے دہندگان کو پورا موقع فراہم کیا جائے گا تاکہ کوئی بھی شناختی کارڈ کا حامل پاکستانی شہری ووٹر لسٹ میں اندراج سے محروم نہ رہے اس سلسلہ میں تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے میٹنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے تاکہ اس مہم کو گاءوں اور محلے کی سطح تک پہنچایا جا سکے ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اٹک محمد آصف نے اپنے دفتر میں سیکشن 27 کے تحت ووٹ اندراج کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ضلعی آفیسر الیکشن کمیشن سید ضیغم الطاف بھی موجود تھے جبکہ اجلاس میں رہنما میجر گروپ تحریک انصاف و سابق کونسلر بلدیہ حاجی ملک محمد اکرم خان ، تحریک انصاف رہنما سید محمود شاہ سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے نمائندگان بھی موجود تھے حاجی اکرم خان اور سید محمود شاہ سمیت دیگر ارکان نے بھی تجاویز پیش کیں الیکشن کمشنر محمد آصف نے کہا کہ ووٹر اندراج کے لئے ضلع بھر میں نمایاں مقامات پر ڈسپلے سنٹرز بنائے جائیں گے جہاں ووٹ اندراج کے لئے فارم مہیا کئے جائیں گے اور ان ڈسپلے سنٹرز پر ایک انچارج بھی مقرر کیا جائے گا الیکشن ایکٹ 2017ء کے مطابق ووٹ کا اندراج صرف شناختی کارڈ پر موجود مستقل یا عارضی پتہ پر ہی ہو سکتا ہے ووٹ اندراج کے لئے شناختی کارڈ کا ہونا ضروری ہے ۔
