سید زلفی بخاری کا تحصیل جنڈ کا دورہ، ن لیگ کے منصوبے کا دوبارہ افتتاح کر دیا

،دورے کے موقع پر این اے56 کی عوام کیلئے بڑی خوشخبری،گزشتہ دورے کے اعلانات برقرار
چھپڑی گیس افتتاحی تقریب میں3 نئے اعلانات بھی شامل،اعلانات کے اضافہ پر عوام جھوم اٹھے
جنڈ(تجزیہ : صدیق فخر/ ڈیلی اٹک نیوز)معاون خصوصی وزیر اعظم پاکستان سید زلفی بخاری کا دورہ جنڈ،گزشتہ دوروں کے اعلان برقرار، مزید3اعلان میں اضافہ، تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی وزیراعظم پاکستان سید زلفی بخاری، ایم پی اے سید یاور بخاری، سابق امیدوار ایم این اے ملک خرم علی خان، سابق امیدوار صوبائی اسمبلی اکبر خان تنولی،ضلعی صدر و سابق امیدوار صوبائی اسمبلی قاضی احمد اکبر نے گزشتہ روز تحصیل جنڈ کے گائوں چھڑی میں مسلم لیگ (ن) کے منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ اس دورے کے موقع پر این اے 56 کی عوام کیلئے پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے 5 ہزار کی تختی لگائی گئی اس طرح (ن) لیگ کے منصوبوں کے افتتاح کا رخ این اے 56 کی طرف بھی موڑ گیا۔
اس منصوبے کا افتتاح مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں ممبر قومی اسمبلی ملک اعتبار خان، ایم پی اے ملک ظفر اقبال و دیگر حکومتی نمائندگان کر چکے تھے۔ معاون خصوصی وزیراعظم سید زلفی بخاری کا یہ تحصیل جنڈ کا تیسرا دورہ ہے، گزشتہ دو دوروں میں انہوں نے بڑے پروجیکٹ میں سے راولپنڈی کوہاٹ روڈ، ٹیکنیکل کالج ، بیلہ زیارت روڈکا اعلان کیا تھا اور تحصیل جنڈ کی عوام کو سال بعد دوبارہ تیسرے دورے کے موقع پر یہ بڑی خوشخبری سنائی گئی کہ معاون خصوصی وزیراعظم سید زلفی بخاری کی طرف سے گزشتہ دوروں میں کئے گئے اعلانات برقرار ہیں جبکہ ان کے ساتھ مزید 3 اعلانات کا اضافہ کر دیا گیا جن میں چھپڑی مڈل سکول کو ہائی سکول کا درجہ دینے کا اعلان، سپورٹس کیلئے گرائونڈ بنوانے کا اعلان اور پنڈ سلطانی کو جلد گیس فراہمی کا اعلان کیا گیا ۔ گزشتہ اعلانی دوروں کے بعد اس دورے پر بھی اعلانات کے بعد اہلیان تحصیل جنڈ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ جب کہ اس موقع پر سابق چیئرمین یوسی تھٹہ ملک عجب اعوان نے بھی دھواں دھار تقریر میں سید زلفی بخاری کو اپنے کئے گئے وعدے یاد کروائے اور ایک دفعہ بھی اعلان کیلئے آواز اٹھائی۔کھیل دلچسپ مرحلے میں داخل ہو چکا ہے ۔عجب اعوان نے کوئی نیا مطالبہ کرنے کی بجائے پرانے مطالبات دہرا ئے ۔باوثوق ذائع کا کہنا ہے کہ فضلداد کی طرف سے بھی بخاریز کو اپنے دوروں کے دوران کئے گئے وعدے بار بار یاد کروائے جا رہے ہیں ۔
