ضلع بھر میں منگل صبح9 بجے تک مارکیٹیں، شاپنگ مال ، ہوٹلز بند

اٹک (ڈیلی اٹک نیوز) ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر نے حکومت پنجاب کی جانب سے یوم پاکستان 23 مارچ اور اس کے ساتھ تین لگاتار چھٹیوں میں
عوام کے میل ملاپ کے دوران کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ سے بچنے کیلئے 21 مارچ بروز ہفتہ رات 9 بجے سے لے کر 24 مارچ صبح 9 بجے تک تمام بڑے شاپنگ مالز ، مارکیٹیں اور ریسٹورنٹس بند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں مذکورہ احکامات کا اطلاق میڈیکل سٹورز ، ڈسپنسریوں ، کلینکس ، کریانہ سٹورز ، جنرل سٹورز ، بیکریوں ، آٹا چکی ، تندوروں ، دودھ والی دکانوں ، آٹو ورکشاپس ، پٹرول پمپس ، گوشت والی دکانوں ، فروٹ و سبزی والی دکانوں اور اشیاء خورد و نوش کی منڈیوں پر نہیں ہو گا۔
اٹک کی 6 تحصیلوں جنڈ ، پنڈی گھیب ، فتح جنگ ، حسن ابدال ، حضرو اور اٹک کے اسسٹنٹ کمشنرز نے آمدہ چھٹیوں کے دوران گھر میں رہنے کی اپیل کی ہے اور دفعہ 144 کے نفاذ کیلئے سخت ترین اقدامات اٹھانے کا عندیہ دیتے ہوئے عوام کو مناسب حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں دریں اثناء ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر نے سوشل میڈیا پر اپنے آڈیو پیغام جو انتہائی وائرل ہو چکا ہے میں بھی واضح کیا ہے کہ ہفتہ کی رات سے منگل کی صبح تک تمام تجارتی مراکز اور دکانیں بند رہیں گی ۔
