کورونا سے مزید 3 افراد جاں بحق، متاثرہ افراد کی تعداد 1872 ہوگئی

کورونا سے مزید 3 افراد جاں بحق، متاثرہ افراد کی تعداد 1872 ہوگئی

سندھ میں 2 اور خیبرپختونخوا میں مزید ایک شخص کورونا وائرس سے انتقال کرگیا، آج پاکستان بھر سے کورونا کے مزید 109 کیسز سامنے آگئے

کورونا وائرس سے مزید 3 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد مہلک وائرس سے پاکستان میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 26 ہوگئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد بھی 1872 تک جاپہنچی ہے۔منگل کو تین میں سے دو ہلاکت سندھ جبکہ ایک خیبر پختونخوا میں ہوئی۔ صوبہ سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کراچی میں مہلک وائرس سے مزید 2 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں 74 اور 70 سالہ شہری  کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے ہیں، 74 سالہ شہری دمے اور شوگر کا مریض تھا جس کا 26 مارچ کو ٹیسٹ کیا گیا تھا جو مثبت آیا تھا اور آج دوران علاج وہ چل بسا۔ 

شہر میں دوسری ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والا کراچی کا 70 سالہ رہائشی بھی مختلف بیماریوں میں مبتلا تھا جس میں انتقال کے بعد ٹیسٹ رپورٹ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔آج ہونے والی ہلاکتوں کے بعد سندھ میں مہلک وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہوگئی ہے اور اب تک صوبے میں ہونے والی تمام ہلاکتیں کراچی میں ہوئی ہیں۔

 

خیبرپختونخوا میں چھٹی ہلاکت کی تصدیق
منگل کو خیبرپختونخوا میں بھی ایک شخص جاں بحق ہوا جس کی تصدیق صوبائی حکومت کے فوکل پرسن نے کی۔فوکل پرسن کے مطابق ایک ہفتے قبل انتقال کر جانے والے شخص کی رپورٹ گزشتہ روز موصول ہوئی جس میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔اس ہلاکت کے بعد مہلک وائرس خیبرپختونخوا میں اب تک 6 زندگیاں نگل چکا ہے جس کے بعد ملک بھر میں ہلاکتیں 26 ہوگئی ہیں۔ پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتو ں میں سے پنجاب میں سب سے زیادہ 9 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ سندھ میں 8 اور خیبرپختونخوا میں 6 افراد وائرس سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں 2 اور  بلوچستان میں ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔