اٹک ،محلہ کشمیری میں بھی کورونا مریض،تعلق میں آنیوالے افراد کے کورونا ٹیسٹ

اٹک(ڈیلی اٹک نیوز) انچارج ضلعی کنٹرول روم برائے کورونا وائرس ڈاکٹر آصف نیازی کے مطابق کورونا وائرس کا ایک کیس جو کشمیری محلہ سے ظاہر ہوا
وہ اس وقت الشفاء ہسپتال اسلام آباد میں داخل ہے اور اس کی مجموعی حالت بہتر ہے۔اس کے تعلق میں آنے والے 17افراد کے خون کے نمونے کورونا وائرس ٹیسٹ
کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں اور 48گھنٹوں میں انکا نتیجہ آجائے گا۔اس کے علاوہ غورغشتی میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے شخص کے تعلق میں آنے والے افراد کے خون کے نمو نے حاصل کرکے بھجوا دیے گئے ہیں۔جاں بحق ہونے والے شخص کے محلے کی تین گلیوں جن میں 60گھر اور 230افراد کو مکمل لاک ڈاؤ ن کردیا گیا ہے اور علاقے کی سخت نگرانی جاری ہے۔اس کے علاوہ 9افراد جو قرنطینہ سنٹر ڈھوک فتح اٹک میں موجود ہیں ان کے خون کے نمونے کورونا وائرس ٹیسٹ کے لیے بدھ کو بھجوائے جائینگے اور منفی رپورٹ آنے کی صورت میں 48گھنٹے بعد دوبارہ ٹیسٹ کیا جائے گا اور اگر ان کے دونوں کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آئے تو ان افراد کو گھروں کو بھیج دیا جائے گا۔ فی الحال ان 9افراد کی مجموعی صحت بہتر ہے۔
ڈاکٹر آصف نیازی نے اس موقع پر عوام سے اپیل کی کہ وہ گھروں میں رہیں اور حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کریں۔
