تاجر برادری سے ملکر متفقہ لائحہ عمل ترتیب دیا جائے، میجر طاہر صادق

اٹک (ڈیلی اٹک نیوز) رکن قومی اسمبلی تحریک انصاف حلقہ این اے 55 اٹک میجر طاہر صادق نے تاجر برادری بالخصوص ریڑھی بانوں اور چھوٹے پیمانے پر کاروبار کرنے والے مینا بازار کے دکانداروں کے مسائل کے حل کیلئے ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر کو خط لکھ کر ممکنہ حل تجویز کر دئیے ۔
حفاظتی اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تاجروں کو باقاعدہ ایس ا و پیز بنا کر کاروبار کرنے کی اجازت دی جائے اگر کوئی دکاندار اصولوں کی خلاف ورزی کرے تو اس صورت میں ایکشن لیا جائے بازار کی زیادہ تر مارکیٹیں بند ہونے سے بہت خالی جگہ دستیاب ہے اسے استعمال میں لا کر ریڑھی بانوں ، چھابڑی فروشوں کو سماجی فاصلہ رکھ کر کام کرنے کی اجازت دی جائے اگر لاک ڈاؤن مزید آگے جاری رہتا ہے تو تاجروں و مینا بازار کے دکانداروں کو اپنی دکانوں سے سامان ایسی جگہ لے جانے کی اجازت دی جائے جس سے وہ اپنا آن لائن کاروبار جاری رکھ سکیں مینا بازار کے دکاندار حضرات و تاجروں کے ایشوز کو فی الفور شنوائی دی جائے اور ڈپٹی کمشنر اٹک تمام اسسٹنٹ کمشنرز تحصیل سطح پر تاجر برادری کے نمائندگان سے مل کر متفقہ لائحہ عمل ترتیب دیں تاکہ مسائل حل ہوں میڈیا سے بات کرتے ہوئے میجر طاہر صادق نے کہا کہ اللہ پاک کے فضل وکرم سے پاکستان ابھی تک اس وبائی بحران سے باقی دنیا کی نسبتاً کم متاثر ہوا ہے ۔
رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں تاجر برادری پورے سال سے زیادہ کاروبار کرتی ہے لوگ خریداری بھی اسی حساب سے کرتے ہیں پورے ملک میں معاشی سرگرمیاں عروج پر ہوتی ہیں حکومت کو چاہیے کہ وباء کے پھیلاؤ کو روکنے اور کم کرنے کیلئے تمام تر حفاظتی اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے بازار و مارکیٹیں کھولنے کیلئے ایکشن پلان بنائے باقی دنیا میں بھی آہستہ سہی تاہم کاروباری سرگرمیاں معمول پر آرہی ہیں اگر وقتی اقدامات نہ کئے گئے تو بہت سے تاجر و دکاندار شاید اس پوزیشن میں ہی نہ رہیں کہ حالات نارمل ہونے پر بھی اپنا کاروبار جاری رکھ سکیں وزیراعظم کا ویژن بھی سمارٹ لاک ڈاؤن ہے اور اس پر عمل کا یہ بہترین وقت ہے ۔
