بھارت مقبوضہ کشمیر میں منظم دہشتگردی کر رہا ہے،رشید ترابی

لندن(صباح نیوز)کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل،سابق امیر جماعت اسلامی و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی یکجان اور یک زبان ہو کر مودی کے مظالم اور اس کے بے بنیاد پروپیگنڈے کو دنیا میں بے نقاب کرے ،نریندر مودی مستند دہشت گرد ہیں برطانیہ امریکہ سمیت دیگر ممالک نے ان پر پابندیاں عائد کر رکھیں تھیں ،بھارت جمہوریت کے نام پر دنیا کو دھوکا دے رہا ہے ،کشمیری حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کررہے ہیں ہندوستان منظم ریاستی دہشت گردی کے ذریعے حق مانگنے والوں کو شہید کر رہا ہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے نجی ٹی وی چینل اور وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،واضح رہے کہ عبدالرشید ترابی تحریک کشمیر برطانیہ ،تحریک کشمیر ڈنمارک،تحریک کشمیر ناروے اور ترکی کی تنظیم ایسام کی دعوت پر یورپ کا دورہ کررہے ہیں اس موقع پر وہ برمنگھم،ڈنمارک،ناروے اور ترکی میں کشمیر اور برما کے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے حوالے سے کانفرنس سے خطاب کریں گے ،دورے کے دوران عبدالرشید ترابی ممبران پارلیمنٹ ،انسانی حقوق کی تنظیموں کے سربراہان،دانشوروں اور میڈیا پرنسز سے ملاقاتیں کر کے انہیں کشمیر کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کریں گے ،نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ ہندوستان کے اندر کوئی اقلیت محفوظ نہیں ہے بھارت مقبوضہ کشمیرمیں بدترین ریاستی دہشت گردی کا ارتکاب کررہا ہے انسانی حقوق کی سنگین پامالیاںہو رہی ہیں لوگوں کو عبادت گاہوں میں جانے سے روکا جا رہا ہے ،قائدین حریت سا ل ہا سال سے نظر بند ہیں سید علی گیلانی کو عید اور جمعہ کی نماز کی اجازت نہیں ہے ان حالات میں عالمی اور یورپی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کو ان کا حق دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے ۔