عوامی فلاح کے اقدامات جاری،فاروق حیدر یورپ مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے گئے ہیں،راجہ نثار

مظفرآباد(وقائع نگار)قائمقام وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ نثار احمد خان نے پیر کے روز وزیراعظم سیکرٹریٹ میں مصروف دن گزارہ ۔ قائمقام وزیراعظم نے محکمہ برقیات کے متعلق مختلف امور کے حوالہ سے محکمہ برقیات کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔بعد ازاں انہوں نے مختلف عوامی وفود سے ملاقاتیں کیں اور عوامی مسائل سنے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے قائمقام وزیراعظم نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر آزاد خطہ کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ،ریاست کو ایک رول ماڈل بنائیں گے لوگوں کے مسائل حل کریں گے عوامی فلاح و بہبود کے لیئے خصوصی اقدامات کیئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت میرٹ کی بالادستی اور کرپشن کے خاتمے کے لیئے خصوصی اقدامات کر رہی ہے جس سے آزادکشمیر کے عوام کو بلاتخصیص آگے بڑھنے کے موقع حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت میرٹ پر مبنی فیصلے کر رہی ہے جس کو ہر مکتبہ فکر کے لوگوں نے سراہا ہے۔ قائمقام وزیراعظم نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر پر مسلم لیگ ن کی حکومت نے اپنی توجہ مرکوز کر رکھی ہے تحریک آزادی کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی غرض سے وزیراعظم آزادکشمیر دورہ یورپ پر گئے ہیں اس سے پہلے بھی وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کے بین الاقوامی دوروں کی وجہ سے مسئلہ کشمیر کو خصوصی پذیرائی ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں عالمی برادری کو بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اسے مظلوم کشمیریوں پر ظلم و جبر کر نے سے باز رکھنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتا اب وہ وقت زیادہ دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا ۔قائمقام وزیراعظم نے اس موقع پر لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیئے جائیں گے کسی کی حق تلفی نہیں ہو گی ہمارے لیئے عوامی مفاد سب سے مقدم او رہماری حکومت کے تمام فیصلے عوامی حق میں ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت ایک سالہ کارکردگی مثالی ہے ہم نے ہر شعبہ میں میرٹ کو ترجیحی دی ہے اور عوامی حقوق کا خیال رکھا ہے انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں کا وقار بحال کیا ہے ماضی میں اداروں کا تقدس پامال کیا گیا لیکن ہماری حکومت نے ریاستی داروں پر عوام کا اعتماد بحال کیا ہے آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں جس سے ریاست کی تقدیر بدل جائے گی ۔