ہر جارحیت سے نمٹنے کو تیار ہیں،دشمن نے کوئی مہم جوئی کی تو ناقابل برداشت نقصان اٹھائیگا،آرمی چیف

راولپنڈی (صباح نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مسلح افواج ہر طرح کے داخلی اور خارجی خطرات یا جارحیت سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔ دشمن نے کوئی مہم جوئی کی تو اسے ناقابل برداشت نقصان اٹھانا پڑے گا۔ قیام امن کے لئے پرعزم ہیں کسی کو اپنے اقدام کی غلط تشریح نہیں کرنے دینگے۔ ہر قیمت پر پاکستان کو دہشت گردی سے پاک کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف بڑے پیمانے پر کامیابیاں ملی ہیں۔ بدقسمتی سے عالمی برادری پاکستان کی کوششوں اور قربانیوں کو تسلیم نہیں کر رہی۔ پاک فوج کے تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ان خیالات کا اظہار پی اے ایف اصغر خان اکیڈمی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کسی ملک نے پاکستان سے زیادہ قربانیاں نہیں دیں۔ پاکستان دنیا میں واحد ملک ہے جس نے کامیابی سے دہشت گردی کا مقابلہ کیا۔ پاک فضائیہ نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی تباہی میں اہم کردار ادا کیا۔ مسلح افواج عوام کی حمایت سے جلد دہشت گردی کے خلاف کامیابی حاصل کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن سے محبت کرنے والا ملک ہے۔ امن کے کے قیام سے پاکستان کو داخلی استحکام ملتا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پی اے ایف اصغر خان اکیڈمی رسالپور میں گریجویٹ کیڈٹس کی پاسنگ آ6ٹ پریڈ ہوئی۔ آرمی چیف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاس آ6ٹ ہونے والے 129 کیڈٹس کو بیجز لگائے۔ 3 خواتین کیڈٹس 5 سعودی شاہی فضائیہ اور ایک اردن شاہی فضائیہ کا کیڈٹ بھی شامل ہے۔ بہترین کارکردگی پر چیئرمین جوائنٹ چیفس ٹرافی ونگ انڈر آفیسر محمد حمزہ کو دی گئی۔ لاجسٹک میں بہترین کارکردگی کی ٹرافی سارجنٹ حمزہ فاروق نے حاصل کی۔ اے اینڈ ایس ڈی میں اعلیٰ کارکردگی پر ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ جنید انور کو دی گئی۔ ایئر ڈیفنس میں بہترین کارکردگی کی ٹرافی کیڈٹ ذوالفقار قربان نے حاصل کی۔ انجینئرنگ میں چیف آف ایئرسٹاف ٹرافی کو دی گئی۔ بہترین کارکردگی پر اکیڈمی انڈر آفیسر اشہد عامر نے اعزازی شمشیر کا اعزاز حاصل کیا۔ آرمی چیف نے گریجویٹ اور ایوارڈ جیتنے والے کیڈٹس کو مبارک باد دی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ اعلیٰ ادارے کی تربیت فارغ التحصیل کیڈٹس کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے میں مدد دے گی۔ آرمی چیف نے کہا کہ کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ راستہ نہیں ہوتا۔ آرمی چیف نے سعودی اور اردن کی شاہی فضائیہ کے گریجویٹ کیڈٹس کو بھی مبارکباد دی اور کہا کہ سعودی عرب اور اردن کے پاکستان کے ساتھ بردارانہ اور دیرینہ تعلقات ہیں۔ تینوں ملکوں کی مسلح افواج مختلف شعبوں میں تعاون کر رہی ہیں۔ مشرق وسطیٰ میں اپنے بھائیوں کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔