سانحہ کارساز کے اثرات آج بھی ہمارے ذہنوں میں تازہ ہیں، شازیہ اکبر

مظفرآباد(بیورو رپورٹ)پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی ممبر قانون ساز اسمبلی و سابق وزیر محترمہ شازیہ اکبر چوہدری نے کہا ہے کہ سانحہ کارساز میں شہید ہونے والوں نے ملک میں جمہوریت کا بول بولا کیا ہے ،اس دردناک سانحے میں 177پیپلز پارٹی کے جیالے شہید ہوئے جبکہ 600کے قریب زخمی ہوئے جس کے اثرات آج بھی ذہنوں میں تازہ ہیں۔ اس سانحہ میں جو لوگ شہید ہوئے ان کی مثا ل کہیں نہیں پیش کی جا سکتی۔وہ حملہ اس ملک میں جمہوریت کو قتل کرنے کے لیے کیا گیا تھا۔ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ایک عظیم لیڈر تھیں اور انہوں نے جمہوریت کی خاطر ہی اپنی جان کا نذرانہ پیش کیاآج اگر پاکستان میں جمہوریت ہے تو اس کا کریڈیٹ پی پی پی کو جاتا ہے ،پی پی پی کے ہزاروں کارکنان نے ملک میں جمہوریت کی بحالی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پی پی پی کے کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کی بقاء کے لیے پیپلز پارٹی نے جو قربانیاں دی ہیں وہ تاریخ ساز اور ناقابل فراموش ہیں ہمیشہ پاکستان میں جمہوریت کی بحالی اور بقا کے لیے پیپلز پارٹی کے قائدین نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا ہے ،جمہوریت کو بچانے کے لیے اب پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔