مقبوضہ کشمیر:مزید3خواتین کی چٹیا کٹ گئی،کشمیری مشتعل

سرینگر(صباح نیوز)مقبوضہ کشمیرمیں مزید تین خواتین کی چٹیا کاٹی گئیں۔ مکینوں نے چٹیا کاٹنے والے چھ بھارتی فوجیوں کو پکڑا اور ان کی خوب دھنائی کی جبکہ بھارتی فوج فوجیوں کو چھڑا کر لے گئے۔ ہزاروں مشتعل کشمیریوں نے مظاہرہ کیا اور فوجیوں کی گاڑی جلادی جبکہ حریت رہنماوں نے بھارتی فوج کے عمل کی مذمت کی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق خواتین کی چٹیا کاٹنے کے واقعات گاندر بل، کانگن اور اڑی میں ہوئے۔ مکینوں نے گاڑی میں سوار سول ڈریس میں ملبوس تین فوجیوں اور دیگر تین کوعلیحدہ علاقوں میں پکڑا اور ان کی خود دھنائی کی لیکن بھارتی فوج پہنچ کر اپنے فوجیوں کو چھڑالیا۔ فوج کے عمل پر کشمیری مشتعل ہوگئے اور ہزاروں افراد نے کاروبار بند رکھ کر احتجاج کیا اور فوجیوں کی نجی گاڑی جلا ڈالی۔مظاہرین نے مطالبہ کیاکہ فوج کے واپس بیرکوں میں بھیج کر کشمیر کو آزادی دی جائے۔حریت کانفرنس نے خواتین چٹیا کاٹنے کے بھارتی فوج کے عمل کی مذمت کی اور عالمی برادری سے اپیل کی کشمیری خواتین کی بیحرمتی اور کشمیریوں کی نسل کشی بند کرائی جائے۔حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق، سید علی گیلانی، یاسین ملک اور دیگر رہنماوں نے کہا کہ آر ایس ایس مقبوضہ وادی میں ہتھیاروں کی نمائش کررہی ہے اور کشمیریوں کو حراساں کررہی ہے۔