بھارت میں کیوریٹر بکیز کی مرضی کی پچیں تیار کرنے لگے

بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان آج ہونے والے دوسرے ایک روزہ میچ سے قبل پچ کے معاملے پر نیا تنازع کھڑا ہوگیا۔
بھارتی ٹی وی 'انڈیا ٹوڈے' کے ایک رپورٹر نے اسٹنگ آپریشن کیا اور پچ کے نگران (کیوریٹر) پندورنگ سلگونکار کو لالچ دے کر آج ہونے والے میچ کے لئے مرضی کی پچ تیار کرنے کے لئے لالچ دی۔
کیوریٹر نے رپورٹر کا ٹاسک فوری قبول کرلیا جس کی ویڈیو بھی منظر عامر پر آچکی ہے۔
بکی بننے والے رپورٹر اور 68 سالہ پچ کے نگران سلگونکار کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بکی مرضی کی پچ بنانے کا کہہ رہا ہے اور کیوریٹر میچ سے قبل پچ پر پہنچ کر اسے پاؤں سے اکھاڑنے اور خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
سالہ سلگونکار بھارت کی جانب سے بحیثیت فاسٹ بولر 63 فرسٹ کلاس میچز بھی کھیل چکے ہیں اور بھارت اور نیوزی لینڈ کے خلاف آج ہونے والے میچ کے لئے پچ پروکیور (نگران) تھے۔
پچ کا تنازع سامنے آنے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف آج ہونے والا میچ کچھ دیر کے لئے روک دیا تاہم آئی سی سی کے میچ ریفری نے جانچ پڑتال کے بعد میچ کھیلنے کی اجازت دے دی۔ دوسری جانب مہاراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن نے فوری طور پر پچ خراب کرنے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے سلگونکار کو تمام عہدوں سے برطرف کردیا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے قانون کے مطابق کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو پچ تک رسائی کا اختیار نہیں یہاں تک کہ صحافی بھی میچ سے قبل پچ پر نہیں جاسکتے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے قائم مقام سیکرٹری امیتابھ چوہدری کا کہنا ہے کہ غیر متعلقہ شخص کی پچ تک رسائی کا جواب اینٹی کرپشن یونٹ کو دینا چاہیے اور اینٹی کرپشن یونٹ سے تعلق رکھنے والے ہر ذمہ دار اس بات کا جواب دینے کا پابند ہے۔
