مال مفت دل بے رحم،حکومت میرپور کے شہریوں کے 2کروڑ روپے ڈکار گئی

میرپور(عتیق احمد سدوزئی)مال مفت دل بے رحم، میرپور کے شہریوں کے 2 کروڑ حکومت آزاد کشمیر ڈکار گئی، ادارہ ترقیات میرپور 2 کروڑ کے قریب رقم بورڈ آف ریونیو کے کاموں پر خرچ کر دی، پیسے واپس ہوئے نہ بورڈ آف ریونیو نے ادارہ ترقیات میرپور کے افسران کو لفٹ کروائی، 18 سال سے ادارہ ترقیات پیسوں کی واپسی کا منتظر، پبلک اکائونٹس کمیٹی نے ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے کو رقم بورڈ آف ریونیو سے واگزار کروانے کی ہدایت کر دی۔ پبلک اکائونٹس کمیٹی کو ادارہ ترقیات میرپور کے ریکارڈ کی چھان بین کے دوران معلوم ہوا کہ ادارہ ترقیات میرپور نے جولائی 1998 تا جون 1999 کے عرصہ میں میاں محمد لائبریری میرپور، آہنی دیواری ، شٹر اور کھڑکیوں کی قائد اعظم اسٹیڈیم میں تنصیب اور تعمیر بھٹو پارک میرپور پر  بالترتیب 23,32,197 روپے، 36,23,314 روپے اقور 1,46,61,796 روپے کل 1 کروڑ 96 لاکھ 17 ہزار 307 روپے خرچ کئے۔ یہ رقم ایم ڈی اے نے شہریوں سے پلاٹس کی الاٹمنٹ اور دیگر سہولیات کے نام پر حاصل کی تھی اور ان منصوبوں پر خرچ کر دی جو ادارہ ترقیات کے منصوبے ہی نہیں تھے، کمیٹی کے سامنے انکشاف ہوا کہ یہ تینوں منصوبے آزادکشمیر حکومت کے تھے اور ان پر اٹھنے والے اخراجات آزاد کشمیر بورڈ آف ریونیو / حکومت آزاد کشمیر نے ادا کرنا تھے مگر ادارہ ترقیات نے کمال سخاوت کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہریوں کے تقریباً دو کروڑ روپے ان منصوبوں پر خرچ کئے جو منصوبے ادارہ ترقیات کے تھے ہی نہیں۔ پبلک اکائونٹس کمیٹی کے اجلاس منعقدہ 14 جون 2017 کو ادارہ ترقیات کے ذمہ داران کو ہدایت کی گئی کہ اگر بروقت یہ رقم ریکوور کرنے کے اقدامات نہ کئے گئے تو ذمہ داران کے خلاف کاروائی ہو گی، کمیٹی نے پرنسپل اکائونٹنگ آفیسر کی جانب سے پبلک اکائونٹس کمیٹی کو لفٹ نہ کروانے پر اپنے تحریری ریمارکس میں یہ بھی لکھا کہ پرنسپل اکائونٹنگ آفیسر خود کو مجلس حسابات عامہ کے سامنے جوابدہ سمجھیں ، علاووہ ازیں ڈی جی ایم ڈی اے نے اس اجلاس میں یہ بھی بتایا کہ بورڈ آف ریونیو نے تسلیم کیا ہے اور رقم ادارہ ترقیات کو واپس کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے  جس پر پبلک اکائونٹس کمیٹی نے جون 2017 کے اجلاس میں تین ماہ میں ریکوری یقینی بنانے اور پی اے سی کو رپورٹ اگلے اجلاس میں پیش کرنے کا حکم دیا تاہم اکتوبر 2017 کے اجلاس میں کمیٹی کو بتایا گیا کہ تاحال ریکوری نہیں ہو سکی ہے۔ ادارہ ترقیات میرپور نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ بورڈ آف ریونیو کو مکتوب لکھے گئے لیکن رقم واپس نہیں ہو سکی جس پر پبلک اکائونٹس کمیٹی نے ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات میرپور کو اگلے تین ماہ میں بورڈ آف ریونیو سے شہریوں کے 1 کروڑ 96 لاکھ روپے واگزار کروانے کی سختی سے ہدایت کی ہے۔ پبلک اکائونٹس کمیٹی کی جانب سے ادارہ ترقیات میرپور میں ہونے والی مالی بے ضابطگیوں کے حوالہ سے روزنامہ کشمیر ٹائمز کو موصولہ تفصیلات کے مطابق ادارہ ترقیات میرپور میں شہریوں/ الاٹیوں کے کروڑوں روپے آزادکشمیر حکومت نے مختلف اداوار میں بطور قرض لئے اور واپس نہیں کئے جس سے ادارہ ترقیات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔