کشمیری خواتین کے بال کاٹنے کے واقعات شرمناک ہیں:عبدالسلام بٹ

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے مرکزی نائب صدر و سابق وزیرحکومت عبدالسلام بٹ نے اپنے ایک تحریری بیان میں مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو بھارت کی طرف سے بہ زور طاقت دبانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت تحریک آزادی کو دبانے کیلئے مختلف اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے ۔ کشمیری اب آزادی حاصل کر کے رہیں گے ۔ بھارت کو کشمیری خواتین کے بال کاٹنے جیسے واقعات اور کشمیری نوجوانوں کو شہید کرنے سے کشمیری قوم کے جذبہ آزادی کو ختم نہیں کرسکتا ۔ کشمیری خواتین کے بال کاٹنے جیسے واقعات پر شرم آنی چاہئے اور کشمیری عوام پر جو طویل عرصے سے مظالم کررہی ہے ان کو اب بند کر کے مسئلہ کشمیر کو کشمیری قوم کی خواہش کے مطابق حل کرے۔ عالمی برادری اور عالمی حقوق کی تنظیموں کو نہتے کشمیری قوم پر مظالم کا نوٹس لینا چاہئے اور کشمیر میں ہونے والے مظالم بند کرے ۔ اقوام متحدہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے ورنہ کچھ عرصہ کے بعد حالات مزید بگڑ جانے سے پوری دنیا میں ایک عالمی جنگ چھڑ جانے کا خطرہ ہے ۔ اقوام متحدہ بھارت سے کشمیریوںکو آزادی دلانے اور کشمیری عوام پر مظالم فوری بند کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔