پاکستان کی سلامتی کو اپنی سلامتی سمجھتے ہیں:ایران

تہران(اے بی سی نیوز)ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل عامر حاتمی نے کہا ہے کہ پاکستان کی سلامتی کو اپنی سلامتی کی طرح سمجھتے ہیں۔ایران کے تین روزہ دورے پر موجود آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل عامر حاتمی نے ملاقات کی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ اور بریگیڈیئر جنرل عامر حاتمی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ امور اور خطے کی سیکیورٹی صورت حال سمیت بارڈر منیجمنٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر جنرل عامر حاتمی کا کہنا تھا کہ علاقائی ممالک کی سالمیت، یکجہتی اور خود مختاری ایران کی خارجہ پالیسی کا مستقل حصہ ہے۔
ایرانی وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان کے آرمی چیف کا دورہ سکیورٹی اور استحکام سے متعلق باہمی تعلقات کے لیے موثراقدام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقائی سیکیورٹی اور استحکام کے لیے پاکستان کی دفاعی اور عسکری کامیابیوں کی حمایت کرتے ہیں۔ بریگیڈیئر جنرل عامر حاتمی نے کہا کہ ایران پاکستان کی سلامتی کو اپنی سلامتی کی طرح سمجھتا ہے اور دونوں ممالک مل کر افغانستان میں امن و استحکام قائم کر سکتے ہیں۔
