مقبوضہ کشمیر،شہید ہونیوالے نوجوان سپرد خاک،ریاست بھر میں ہڑتال
سری نگر(کے پی آئی)شمالی کشمیر کے بارہ مولا اوڑی سیکٹر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے 6 میں سے 4 نوجوانوں کو سپرد خاک کر دیا گیا۔ بھارتی فوج نے 4 نوجوانوں کی لاشیں پولیس کے حوالے کیں۔ یادرہے کہ پیر کے روزاوڑی سیکٹر میں بھارتی فوج نے 6 نوجوانوں کو درانداز قرار دے کر شہید کر دیا تھا۔مقامی لوگوں نے اوڑی میں ٹی وی ٹاور کے نزدیک عدم شناخت لاشوں کے لئے بنائے گئے قبرستان میں انہیں سپرد خاک کیا۔ ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر وید نے کہا کہ دولنجہ اوڑی کے آپریشن میں6، مارے گئے تھے ہم نے پانچ لاشیں برآمد کی ہیں اور چھٹی کی تلاش جاری ہے، ان کا تعلق جیش محمد کے ساتھ تھا اور یہ فدائین حملہ آور تھے۔پکھر پورہ چرار شریف میںتین سال قبل فورسز کے ساتھ جھڑپ میں شہید ایک مقامی عسکری کمانڈرماسٹر شکیل احمدوانی کی تیسری برسی کے موقعع پر مکمل ہڑتال کی وجہ سے معمول کی زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ۔اس دوران ان کے مزار پر اجتماعی فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا۔سال2015میں آج ہی کے روز جنوبی ضلع شوپیان کے ایک گاں میں فورسز اہلکاروں کے ساتھ تصادم آرائی کے دوران ماسٹر شکیل احمدوانی شہید ہوا۔ماسٹر شکیل کا تعلق جیش کے ساتھ تھا ۔پیر کو ماسٹر شکیل کی تیسری برسی کے موقعے پرپکھر پورہ اور دیگر ملحقہ علاقہ جات میں مکمل ہڑتال کی گئی۔حالانکہ ہڑتال کی کال کسی مزاحمتی جماعت نے نہیں دی تھی لیکن اس کے باوجود علاقے میں دکانیں اور کاروباری ادارے بند رہنے کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کی نقل و حرکت بھی معطل رہی۔اس دوران مذکورہ نوجوان کے مقبرے پر دعائیہ مجالس کا سلسلہ صبح سویرے شروع ہونے کے بعد دن بھر جاری رہا جبکہ اس کے حق میں اجتماعی فاتحہ خوانی کا اہتمام بھی کیا گیا۔لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے ماسٹر شکیل کے گھر جاکر اس کے لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔
