شریف برادران پنجاب پولیس سے منی لانڈرنگ کروا رہے ہیں: عمران خان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ 1992 کے بعد شریف خاندان کی دولت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے، ساتھ ہی انہوں نے شریف برادران پر پنجاب پولیس کے اہلکاروں سے منی لانڈرنگ کروانے کا الزام بھی عائد کردیا۔

اسلام آباد میں اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ آج 'مجھے کیوں نکالا' کی دوسری قسط پیش کر رہے ہیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے بتایا کہ ملک سے باہر ان کی 16 کمپنیاں ہیں، جن میں سے ایک ہل میٹل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  ہل میٹل 114کروڑ 68 لاکھ روپے نواز شریف کو بھیج چکی تھی، نواز شریف نے 80 کروڑ روپے مریم نواز کے نام کردیئے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ہمیں نئی چیز پتہ چلی ہے کہ ہل میٹل اسٹیبلشمنٹ سے تقریباً 4 کروڑ روپے محمد حینف خان کو جارہا تھا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ آج خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں بڑی دھواں دھار تقریر کی، دراصل خواجہ آصف اور نواز شریف جیسے لوگوں نے ہی اسمبلی تباہ کی ہے، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ مجھے یہ بتائیں کہ کون سی ایسی اسمبلی ہے کہ وہ ایک 300 ارب چوری کرنے والے شخص کے لیے قانون بناکر اسے پارٹی کا سربراہ بناتی ہے۔

اس سے قبل عمران خان نے آج شام پریس کانفرنس کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ اس میں دھماکا خیز اعلان کریں گے۔

گزشتہ روز عمران خان نے لاہور میں متحدہ اپوزیشن کے احتجاجی جلسے سے خطاب میں پارلیمنٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ ایسی پارلیمنٹ پر لعنت بھیجتے ہیں جو ایک مجرم کو پارٹی سربراہ بنائے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پبلک پول کرا لیں کہ لوگ ایسی پارلیمنٹ کے بارے میں کیا سوچتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ’اپنی سیٹ بیلٹس باندھ لیں‘ آج شام پریس کانفرنس میں دھماکا خیز اعلان کروں گا۔