مقبوضہ کشمیر:حریت وفد کا کٹھوعہ میں بے حرمتی اور قتل ہونے والی کمسن آصفہ کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی
سرینگر29جنوری(کے ایم ایس)
مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے ایک وفد نے ضلع کٹھوعہ کے علاقے ہیرانگر جاکر بے حرمتی اور قتل ہونے والی آٹھ سالہ بچی کے والدین سے اظہار یکجہتی کیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق وفد میں حریت رہنمایاسمین راجہ ، زمرودہ حبیب، میر شاہد سلیم، حاجی محمد اعظم، سید غلام نبی شاہ، دیوندر سنگھ اور ونے کمار شامل تھے۔ حریت رہنمائوں نے کم سن آصفہ کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ نامعلوم افراد نے آٹھ سالہ بچی کو بے حرمتی کے بعد قتل کردیاتھا اور اس کی لاش 17جنوری کوجنگل میں پائی گئی تھی۔آصفہ کے والدین نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 10جنوری کو آصفہ کے لاپتہ ہونے کے فوراً بعد پولیس کو بتادیا تھالیکن پولیس نے لیت و لعل سے کام لیا۔ اس موقع پر حریت رہنمائوں نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ ساری کشمیری عوام ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ حریت رہنمائوںنے جموں خطے میں پولیس اور انتظامیہ کی طرف سے مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک کی شدید مذمت کی ۔ انہوںنے کہاکہ جب سے جموں وکشمیر میں آر ایس ایس کی سرپرستی والی کٹھ پتلی حکومت قائم ہوئی ہے،فرقہ پرست عناصرمسلم آبادی کو نشانہ بنارہے ہیں۔ KMS-06/S
