بلدیاتی الیکشن کیلئے ابھی چئیرمین سے منظوری نہیں ملی،توقیر گیلانی

دھیرکوٹ (انٹرویو: راجہ انعام الحق خان) جموںکشمیر لبریشن فرنٹ ازادکشمیر گلگت بلتستان زون کے صدر ڈاکٹر توقیرگیلانی نے ''کشمیرٹوڈے'' کوانٹرویو دیتے ہوئے کہاکہ بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کیلئے بھرپور تیاری جاری ہے، تاہم چیئرمین لبریشن فرنٹ یٰسین ملک کی حتمی منظوری کے بعد باضابطہ اعلان کیا جائیگا ، بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کیلئے سپریم کونسل کو سفارشات بھیج دی گئی ہیں، تابع منظوری کے بعد بلدیاتی انتخابات لڑیں گے، انہوں نے کہاکہ ہماری پہلی اور آخری منزل تحریک آزادی کو منطقی انجام تک پہنچانا ہے، کشمیر کی آزادی کیلئے لاکھوں افراد نے قربانیاں دیں اور شہید کشمیر مقبول بٹ شہید نے تہاڑ جیل میں پھانسی کے پھندے کو چوم کر آزادی کی راہ کا متعین کیا اور ہم بھی آزادی کی منزل کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر توقیرگیلانی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ عوامی خواہشات پر کیا ، سپریم کونسل اس پر پالیسی بنارہی ہے، عوامی مسائل سے بخوبی اگاہ ہیں اور عوام کے ساتھ ہونے والے ظلم وزیادتی کے نظام سے واقف ہیں، استحصالی نظام ،اقرباپروری کے خلاف آہنی دیوار بنیںگے،ریاست کے منقسم حصوں میں جاری ظلم وجبر زیادہ دیرتک نہیں چل سکتااورنہ ہی کشمیریوں کو منقسم کیاجا سکتا ہے۔ کشمیری عوام آر پارملنا چاہتے ہیں ،وحدت کشمیر کے حوالے سے چاروں منقسم حصوں کے عوام وحدت کشمیرکی بحالی کیلئے متحدہیں ،ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ مروجہ نظام سیاست عوام کے مفاد میں کسی صورت نہیں اورنہ ہی اس نظام سے عوامی فلاح ممکن ہے، عوام کے اصل مسائل کاحل کشمیرکی آزادی سے منسلک ہے، جب تک پوری کشمیری قوم آزادنہیں ہوجاتی تب تک ہم ترقی نہیں کرسکتے ۔
