وزیرصحت نے تمام مطالبات مان لیے،ڈاکٹروں کی ہڑتال ختم
مظفرآباد (وقائع نگار) ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان وزیر صحت ،خزانہ،منصوبہ بندی و ترقیات کی زیر صدارت محکمہ صحت عامہ آزادکشمیر کے آفیسران و پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن آزادکشمیر کے نمائندگان کی مشترکہ میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ڈاکٹرز کے مسائل پرتفصیلی بحث ہوئی میٹنگ میں ڈی جی صحت عامہ ایڈیشنل سیکرٹری صحت عامہ، بھی میں موجود تھے ۔میٹنگ میں ڈاکٹر واجد صدر PMAآزادکشمیر، ڈاکٹر منظور جنرل سیکرٹری PMAآزادکشمیر ،ڈاکٹر شوکت حیات نائب صدر PMAآزادکشمیر، ڈاکٹر ضیاد افضل صدر PMAمظفرآباد ،ڈاکٹر شاہد حبیب صدر PMAپلندری(سدھنوتی)،ڈاکٹر انصار ملک صدر PMAکوٹلی ،ڈاکٹر سلیم صدر PMAراولاکوٹ، ڈاکٹر احسان الحق صدر PMAمیرپور، ڈاکٹر عمر ممبر CEC،ڈاکٹر شکیل آصف کلینکل سیکرٹری ، ڈاکٹر افراق صدر PMAباغ ،ڈاکٹر یٰسین صدر PMAجہلم ویلی،ڈاکٹر رضاء کوٹلی تھے ۔ اس موقع پر وزیر حکومت ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر کسی بھی معاشرہ میں نہایت ہی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی ہڑتالوں سے مریض مسائل کا شکار ہوتے ہیں ڈاکٹرز اپنی ذمہ داریاں احسن طریقہ سے انجام دیں ڈاکٹرز کے تمام مسائل حل کریں گے ، عوام مریضوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے ڈاکٹرز پہلے سے بڑھ کر اپنے فرائض انجام دیں ۔اُنھوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کے جائز مطالبات کوتسلیم کرتے ہیں ڈاکٹرز کو یقین دہانی کرواتے ہیں کہ ڈاکٹرز کی خالی آسامیوں پر جلد مستقل ڈاکٹرز تعینات کر دیئے جائیں گے اس حوالہ سے پبلک سروس کمیشن میں تحریک کر دی گئی ہے اس کے علاوہ مظفرآباد میروائز عمر فاروق میڈیکل کالج میں سینئرڈاکٹرز کے انٹرویو 2فروری کو منعقد ہوں کریں گے ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان نے میٹنگ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوالیفکیشن الائونس کا نوٹیفکیشن ہیلتھ سیکرٹریٹ سے جاری کردیا گیاہے ،ڈینٹل سرجنز کے لیے سپیشلسٹ کیڈر کا قیام عمل میں لایا جائے گا، ڈاکٹرز کے لیے ہارڈ ایریاء الائونس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، ٹیچنگ کیڈر کے قواعد فوری مرتب کیئے جائیں گے۔ آخر میں پی ایم اے کے نمائندگان نے وزیرصحت عامہ ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کا شکریہ ادا کیا اور 17دنوں سے جاری ہڑتال ختم کرنے کا بھی اعلان کیا۔
