باغ کے 7ہزار تاجر جعلی اجلاس اور فیصلوں کو نہیں مانتے،تاجر اتحاد پینل

باغ (محمود راتھر سے)انجمن تاجران ضلع باغ کے سابق صدور و تاجر اتحاد پینل کے رہنمائوں صادق شاہ ،سردار افتخار زمان ،خان قادر ،مشتاق سدوزئی ،حاجی حکیم ،شبیر شاہ ،راجہ فاروق نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ حافظ طارق کی طر ف سے بلوائے گئے سپریم کونسل کے اجلاس اور اسکے تمام فیصلوں کو غیر آئینی و غیر قانونی قرار دے کر مسترد کر دیا ہے ،باغ کے 3ہزار تاجر جعلی اجلاس اور فیصلوں کو نہیں مانتے ،چیف الیکشن کمشنر انجمن تاجران کی تعیناتی کے بعد تمام اختیارات الیکشن کمشنر کو منتقل ہو چکے ہیں ،3سالوں میں سپریم کونسل کا کوئی آئینی اجلاس نہیں ہوا اور اب مدت ختم ہونے کے بعد اجلاس کس حیثیت سے کیا جا رہا ہے ،چند عناصر باغ شہر اور تاجروں کا ماحول خراب کرنا چاہتے ہیں ،الیکشن کمشنر پر ہمیں اعتماد ہے ،الیکشن انجمن تاجران کے دستور کے مطابق ہونے چاہیں ،انجمن تاجران پر اب کسی کو شب خون نہیں مارنے دینگے پوری قوت کے ساتھ الیکشن میں حصہ لینگے تاجر اتحاد پینل تاجروں کے حقوق کے تحفظ کا ضامن ہو گا ،اگر حافظ طارق نے غیر قانونی اور غیر آئینی اجلاس کیا تو تاجروں کے وسیع تر مفاد میں تنظیم بنا کر تاجروں کے حقوق کا تحفظ کرینگے ،تاجروں کے ادارے کو ذاتی مفاد کی خاطر کسی کو استعمال کرنے کی اجازت نہیں دینگے ،حافظ طارق اور انکی ٹیم نے 3سالوں میں جو کچھ کیا انہوں نے اسکی توثیق بھی جنرل کونسل سے نہیں کروائی ،ہم نے 3سال انجمن تاجران سے مکمل تعاون کیا ،سابقہ باڈی تحلیل ہو چکی ہے اب اسکا کوئی کردار نہیں ہے ،انہوںنے کہا کہ گزشتہ روزسابق چیئر مین سپریم کونسل ذوالفقار کاظمی کے نام سے ایک خط جاری ہوا جس میں اجلاس کے انعقاد کا لکھا گیا تھا جو آئینی طور پر درست نہ ہے ،انہوں نے کہا کہ چیئر مین انجمن تاجران خان عبد القادر خان نے اپنے آئینی اختیارات استعمال کر کے الیکشن کمشنر اور ممبران کا تقرر کیا اُس کے بعد اب چند لوگ جعلی اجلاس کر کے آئین میں من پسند ترامیم کرنا چاہتے ہیں جسے باغ کے 3ہزار تاجر مسترد کرتے ہیں ،الیکشن کمشنر کی ذمہ داری ہے کہ وہ تاجروں کے دستور کے مطابق ووٹر فہرستیں مرتب کروائے اور 3ماہ میں الیکشن کا سارا پراسس مکمل کروائیں ،تاجررہنمائوں نے کہا کہ تاجروں کا ماضی میں استحصال کیا گیا ہے تاجر تنظیم محض ذاتی تشہیر میں مصروف رہی 4کے ٹولے نے سب کچھ یرغمال بنا رکھا تھا،انجمن تاجران کے سابق صدر حافظ طارق کے ساتھ خان سلیم خان ،خان قادر خان ،شبیر شاہ جیسے سینئر تاجر موجود تھے لیکن انہوںنے کسی سے کوئی مشاورت نہیں کی ،باغ میں کوئی نا گزیر اور بدمعاش نہیں سب کو ہم اچھی طرح جانتے ہیں ،باغ کے تاجر با شعور ہو چکے ہیں اور اب وہ الیکشن میں تاجر اتحاد پینل کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں گے ،انہوںنے کہا کہ ہم نے الیکشن کمشنر کو بھی کہا ہے کہ سپریم کونسل کے غیر قانونی اجلاس کا نوٹس لیں اور اس میں ہونے والے فیصلوں کی کوئی آئینی اور قانونی حیثیت نہ ہے ،تاجروں نے کہا کہ ہم متحد و منظم ہیں اور جلد مشاورت کے ساتھ اپنے پینل کا اعلان کرینگے ،اس موقع پر انکے ہمراہ سابق چیئر مین سپریم کونسل راجہ فاروق ،سردار خورشید سدوزئی ،سردار قیوم چغتائی ،سابق جنرل سیکرٹری جعفر علی میر ،سردار ظہور سدوزئی ،حاجی عبد العزیز ،ارشد زرگر اور دیگر بھی موجود تھے ۔