کرنل وقارباغ کا مہمان تھا،قمرالزمان کی مذمت کرتے ہیں:میراکبر

باغ (نمائندگان کشمیرٹوڈے) وزیر جنگلا ت آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار میر اکبر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم معائنہ کمیشن کے چیئر مین کرنل (ر) وقار نور کے خاندان کی تحریک آزاد ی کشمیر کے لیے گراں قدر خدمات ہیں ،معتبر خاندان کے خلاف قمر الزمان فعل کی شدید مذمت کرتے ہیں ادارے کسی کی ذاتی ملکیت نہیں ہوتے ،اداروں کا تقدس بحال رکھا جانا چاہیے،کرنل (ر)وقار کا اسمبلی میںختم نبوت کے معاملے میں بھی بھرپور کردار ہے ،اوباش لوگوں سے احتجاج کروانا اور بڑھکیں مارنے والوں کو میں اچھی طرح جانتا ہوں ویمن یونیورسٹی کے کانفرنس روم میںاجلاس منعقد کرنے میں کوئی حرج نہیں کیونکہ کانفرنس روم تدریسی احاطے سے الگ ہے ،معائنہ کمیشن کا چیئر مین یونیورسٹی سمیت ہر ادارے میں جا سکتا ہے،کرنل وقار کے جذبات مجروع ہوئے ہونگے ،یہ باغ والوں کا نہیں ایک فرد واحد کا کام ہے ،قمر الزمان نان ایشوکو ایشوز بنا کر لوگوں میں زندہ رہنا چاہتا ہے،کسی کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ مسلم اور غیر مسلم کے سرٹیفکیٹ تقسیم کرتا پھرے ،ماضی میں قمر الزمان سارے تلنگوں کو جمع کر کے یونیورسٹی میں جلسے کرتا تھاکیا وہ اُسے یاد نہیں ،ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے یہاں میڈیا سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر انکے ہمراہ ڈپٹی کمشنر باغ سردار عبد الوحید ،ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن ملک آفتاب اعوان اور دیگر بھی موجود تھے،سردار میر اکبر نے کہا کہ ویمن یونیورسٹی میں ہماری ہی بچیاں تعلیم حاصل کر رہی ہیں ان کا عزت احترام ہم سے زیادہ کوئی نہیں کر سکتا۔ویمن یونیورسٹی کا قیام ماضی میں ہمارے دور حکومت میں ہوا تھا اگر کوئی سمجھتا ہے کہ کوئی ادارہ اس کی جاگیر ہے تو وہ یہ خیال دل سے نکال لے،کپڑے اتارنے کی دھمکیاں اور احتجاج کرنے والوں کو روکنا جانتے ہیں جس دن میں نے نوجوانوں سے کہا تو ان کا چلنا پھرنا محال ہو جائیگا،ہم رواداری اور بھائی چارے سے چلنا چاہتے ہیں لیکن چند لوگوں کو ہماری یہ پالیسی ہضم نہیں ہو رہی کرنل وقار ہم سب کا مہمان تھا اسکے بارے میں جو بھی گھٹیا اور بازاری زبان استعمال کی گئی وہ قابل افسوس اور قابل مذمت ہے ، انہوں نے کہا کہ باغ انتظامیہ قانون کی عملداری یقینی بنائے اور ایسے افراد جو اداروں کو دھمکیاں دیتے ہیں یا اچھل کود کرتے ہیں انکے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔