نوازشریف کے استقبال کیلئے لیگی شیر کمر بستہ ہو جائیں،مشتاق مہناس

باغ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ازادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات،ائی ٹی و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ قائد پاکستان محمد نواز شریف کے استقبال کے لئے باغ کے مسلم لیگ ن کے شیر کمربستہ ہو جائیں۔ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں دلوں کے وزیراعظم محمد نواز شریف کا تاریخی والہانہ استقبال کر کے کشمیری عوام یہ ثابت کریں گے کہ نواز شریف کو عوام سے دور نہیں کیا جا سکتا۔وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوے کیا۔راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا کہ ہمارے قائد کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو سرد خانے سے نکال کر عالمی توجہ کا مرکز بنا دیا۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں جب محمد نواز شریف نے برہان وانی شہید کا نام لیکر انہیں خراج عقیدت پیش کیا تو بھارت کے ایوانوں میں صف ماتم بچھ گئی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف نے کامیاب سفارتکاری کے ذریعے بھارت کو عالمی فورموں پر پسپا کر کے رکھ دیا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی معیشت جو ترقی کر رہی ہے اور بھارت سے اگے ہے اس کی بنیاد قائد پاکستان نے رکھی۔انہوں نے واضح کیا کہ محمد نواز شریف کو عوام سے دور نہیں کیا جا سکتا جس کی کھلی مثال دن کی روشنی میں مانسہرہ، منڈی بہائوالدین اور جڑانوالہ میں ہونے والی تاریخی جلسے ہیں اور اب انشاء اللہ مظفراباد میں ہونے والا جلسہ تاریخی اہمیت کا حامل ہو گا۔انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ گائوں گائوں قریہ قریہ پھیل جائیں اور عوام کو متحرک کریں تاکہ کشمیری عوام کے عظیم محسن کا تاریخی استقبال کیا جائے