محکمہ تعلیم کے عتاب کا شکار ڈویژنل ڈائریکٹرمرپور چل بسیں
مظفرآباد(وقائع نگار) محکمہ تعلیم کے عتاب کا شکار ڈویژنل ڈائریکٹر میرپور دل کا دورہ پڑنے سے وفات پا گئیں، نجمہ تبسم ایک انکوائری کے سلسلے میں مظفرآباد میں موجود تھیں، جنھیں دل کا دورہ پڑا، ہنگامی طور پر سی ایم ایچ پہنچایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکیں، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی محکمہ تعلیم کے افسران اور عملہ فوری ہسپتال پہنچ گیا، نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میت کو میرپور روانہ کر دیا گیا، اس موقع پر محکمہ تعلیم کے افسران نے انکشاف کیا کہ نجمہ تبسم محکمہ تعلیم آزاد کشمیر کی سینئر موسٹ خاتون آفیسر تھیں اور ناظم اعلیٰ تعلیم کے لیے اہل تھیں، حکومت نے پہلے انہیں بائی پاس کر کے جونیئر آفیسر کو ان کے اوپر بٹھا دیا بعد ازاں ایک من گھڑت انکوائری میں پھنسا دیا گیا ،انکوائری سے پیشی کے فوری بعد ہی انھیں دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا، نجمہ تبسم کا شمار آزاد کشمیر کی انتہائی ایمان دار افسران میں ہوتا تھا، مرحومہ کی آج میرپور میں تدفین ہو گی۔
