این ٹی ایس پاس اساتذہ ایڈہاک تقرریوں کیخلاف عدالت پہنچ گئے

ہاڑی گہل (نمائندہ کشمیرٹوڈے) محکمہ تعلیم میں این ٹی ایس امتحان پاس کرنے کے بعد ایڈہاک کام کرنے والے اساتذہ نے بالا آخر عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا لیا ۔ سال گزشتہ آزاد حکومت نے محکمہ تعلیم میں پہلی مرتبہ این ٹی ایس کے ذریعے بھرتیوں کا آغاز کیا تھا ۔این ٹی ایس کے نفاذ کے وقت میرٹ کے مطابق تقرریوں کے بلند و بانگ دعوے کیے گئے تھے لیکن یہ دعوے اس وقت دھرے کے دھرے رہ گئے جب این ٹی ایس پاس کرنے والے اُمیدواران جو ویٹنگ لسٹ میں تھے کو بطور ایڈہاک کام کرنے کا حکم نامے جاری کیے گئے ۔ واضح رہے کہ یہ عمل سرا سر اس تعلیمی پالیسی 2017ء جسے بنیاد بنا کر این ٹی ایس کا نفاذ کیا تھا کیخلاف خلاف ہے، ان خیالات کا اظہار این ٹی ایس ٹیچرز کے نمائندے نے اپنے ایک بیان میں کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تعلیمی پالیسی میں شق نمبر17کے ذیل میں اس بات کی وضاحت کی گئی ہے کہ این ٹی ایس کا میرٹ 365دن تک قابل قبول رہے گا جسے بعد میں تبدیل کر کے چھ ماہ تک کے لیے رکھا گیا ۔افسوس ہے کہ اس میرٹ کو ایک دن کے لیے بھی تسلیم نہیں کیا گیا۔ ویٹنگ میرٹ لسٹ پر آنے والے تمام اُمیدواران کو ایڈہاک بنیادوں پر تعینات کیا گیا حالانکہ تعلیمی پالیسی 2017ء شق نمبر 24میں ایڈہاک تقرریوں پر پابندی ہے ۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تعلیمی پالیسی 2017شق 14کے ذیل اپونٹنگ اتھارٹی کو اس بات کی تلقین کی گئی تھی کہ این ٹی ایس امتحان کے لیے مشتہر کی جانے والی خالی آسامیوں کو مشتہر کرنے کے ساتھ ان اسامیوں کی بھی تشہیر ضروری ہے جو اگلے 12مہینوں کے دوران کی استاد کے ریٹائر ہونے پر پروموشن ہونے کی وجہ سے خالی ہونے والی ہوں ۔ واضح رہے کہ ان اتھارٹیز نے اس میں کوتاہی کا مظاہرہ کیا جس کے کئی ثبوت ہمارے پاس موجود ہیں۔ اگر یہ متوقع آسامیوں مشتہر کی گئی ہوتیں تو اکثر امیدوار ان مستقل بنیادوں پر تعینات ہو سکتے تھے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم نے اس بات کا انتظار کیا کہ شاید محکمہ تعلیم ہمارے معاملے پر غور و فکر کر لے گا لیکن آج این ٹی ایس امتحانات کے بعد انٹرویو ہونے کو 5ماہ گزر چکے ہیں ۔ اب تک تمام امیدواران جو ویٹنگ لسٹ پر تھے انہیں ایڈہاک بنیادوں پر تعینات کیا گیا اس کی وجہ سے خوف کی تلوار ہمارے سروں پر لٹک رہی ہے۔ یہ سب کچھ دیکھتے ہوئے ہم نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹیا ہہے ۔ ہم نے ہائی کورٹ میں رٹ دائر کی ہے ہمیں پوری امید ہے جیسے کوئٹہ میں ہائی کورٹ نے این ۔ٹی ۔ایس امیدواران کے حق میں فیصلہ دیا گیا آزاد حکومت ہائی کورٹ بھی ہمارے حق میں فیصلہ دے گی، ہم آزاد حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ گڈ گورنس اور میرٹ کے دعووں کو عملی جامعہ پہنچاتے ہوئے این ٹی ایس پاس کردہ ایڈہاک اساتذہ کو مستقل بنیادوں پر تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کرئے۔
