مہاجرین مقیم پاکستان کو باشندہ سرٹیفکیٹ کی اجرائیگی کا حکم

مظفرآباد(وقائع نگار)وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان کی زیر صدارت مہاجرین جموں وکشمیر مقیم پاکستان کی آبادکاری،انکو درپیش مسائل و دیگر حل طلب معاملات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مہاجرین ممبران اسمبلی وزیر خوراک سید شوکت علی شاہ، وزیر ٹرانسپورٹ ناصر حسین ڈار، چوہدری محمد اسحاق، میاں یاسر رشید، راجہ محمد صدیق خان، چوہدری اسماعیل گجر ، حاجی جاوید اختر، اسد علیم شاہ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو فیاض علی عباسی، پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی، کمشنر بحالیات تہذیب النساء اور دیگر متعلقہ آفیسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان بھر میں قائم اور زیر تعمیر مہاجرکالونیوں کے مسائل اور نئی کالونیوں کی تعمیر ،مہاجرین مقیم پاکستان کو سٹیٹ سبجیکٹ اور حکومت پنجاب سے حال ہی میں ہونے والی مہاجرین جموں وکشمیر کے مسائل کے حل کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت پنجاب اور بورڈ آ ف ر یونیو آزادکشمیر کا اعلیٰ سطحی اجلاس گزشتہ ماہ لاہور میں منعقد ہوا جس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب اور بورڈ کے دیگر ممبران سمیت پنجاب کے اعلیٰ آفیسران شریک ہوئے جبکہ آزادکشمیر کی نمائندگی سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو فیاض علی عباسی، ممبر بورڈ آف ریوینو عطااللہ عطا، کمشنر میرپور ، کمشنر بحالیات،ڈپٹی کمشنر بحالیات ودیگر اعلیٰ آفیسران نے کی۔اجلاس میں مہاجرین جموں وکشمیر مقیم پنجاب پاکستان کو درپیش تمام مسائل کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا اور ان کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمدفاروق حیدرخان نے کہا کہ مہاجرین جموں وکشمیر مقیم پاکستان ریاستی باشندے ہیں ، انہیں جبری طور پر اپنے آبائی وطن سے بے دخل کیا گیا۔ ہم انہیں اپنا حصہ سمجھتے ہیں اور میں ان کے مسائل کے حل کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب سمیت تمام متعلقہ حکام سے بات کی ہے ۔ پاکستان بھر میں قائم مہاجرکالیونیوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور الاٹمنٹ میں شفافیت یقینی بنائی جائیگی۔ آزادکشمیر کی 12نشستیں ان کی نمائندگی کیلئے مختص ہیں ۔مہاجرین مقیم پاکستان رائے شماری کے وقت ووٹ کا حق استعمال کرینگے ،میں خود جاکر پاکستان بھر میں ان کے مسائل معلوم کرونگا۔ انہوںنے کہا کہ محکمہ بحالیات مہاجرین کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کرے ،وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ مہاجرین جموں وکشمیر کی کالونیوں کے حوالے سے جاری ترقیاتی منصوبہ جات کو جلد از جلد مکمل کیا جائے ۔ مہاجرین جموں وکشمیر کوسٹیٹ سبجیکٹ کی اجرائیگی میں شفافیت یقینی بنائی جائے ،جو حقیقی مہاجرین ہیں ان کو اس کی اجرائیگی میں آسانیا ںپیدا کی جائیں ۔
