نوازشریف اور فاروق حیدر کی مقبولیت سے سردار عتیق خوفزدہ ہیں،افتخار ایوب

دھیرکوٹ( راجہ انعام الحق خان) سابق امیدواراسمبلی ومرکزی نائب صدرمسلم لیگ ن راجہ افتخارایوب نے کہا ہے کہ سردار عتیق ، راجہ فاروق حیدر اورنوازشریف کی مقبولیت سے خائف ہوکر ان کے خلا ف بے سروپابیانات داغ رہے ہیں،آزادکشمیرکے اندر سردار عتیق اور اس کے حواریوںکو نفرتوںکے بیچ ہرگزنہیں بونے دیںگے، میاں نوازشریف پاکستانی اورکشمیری عوام کے دلوں کے حکمران ہیںاور عدالتی فیصلے کے بعد عوام کے اندر پذیرائی دیکھ کر مخالفین ہواس باختہ ہوچکے ہیں، میاں نوازشریف کی کشتی سے اتاراگیا سردار عتیق اب قادری ،عمران کی کشتی کامسافربن گیاہے، جنہوںنے پاکستان کے اندرسیاست میں گالم گلوچ ،بیہودگی اورغلاظت پھیلانے میںبھرپورکرداراداکیا۔میاں نوازشریف کے دورِاقتدارمیں سردار عتیق نے منتیں کرکے بھرپور مفادات اٹھائے اور اپنی تجوریاں بھریں، میاں محمدنوازشریف کشمیریوں اورپاکستانیوں کیلئے مسیحاہیں ، انہوںنے مسئلہ کشمیرپر UNOمیں جس طرح کشمیریوں کی بھرپورنمائندگی کی بھارت کی آنکھوںمیں آنکھیں ڈال کر بے باک ترجمانی کی ، آزادکشمیرکا بجٹ دوگناہ کیا،آزادکشمیرکو سی پیک میں شامل کیاجسے ان کا کشمیریوں کے ساتھ لگائو،محبت  اظہرمن الشمس ہے۔ انہوں نے کہاکہ 5فروری کو میاں محمدنوازشریف ،مریم نواز کا تاریخ سازاستقبال کریںگے، آزادکشمیر پیروجواں نوازشریف کے استقبال کیلئے بے قرار ہے، آزادکشمیر سمیت دنیابھرمیں لوگ یومِ یکجہتی منارہے ہیں، میاں نوازشریف کاآزادکشمیرکی سرزمین سے اقوام عالم کیلئے دوٹوک مؤقف جائیگا اورمسئلہ کشمیرمیں سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ کارکنان اور آزادکشمیرکے عوام میاں نوازشریف کے استقبال کیلئے آج گھروں سے نکلیںگے۔