کشمیر ی تکمیل پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں:خالد محمود

مظفرآباد(وقائع نگار) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ کشمیر ی تکمیل پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں ،کشمیر اور فلسطین پر اقوام متحدہ کا دہرا معیار قابل مذمت ہے ،مشرقی تیمور اور جنوبی سوڈان میں قراردادوں پر عمل ہوسکتا ہے مگر کشمیر اور فلسطین پر سرد مہری سوالیہ نشان ہے ،کشمیری عزیمت کے پہاڑ ہیں جنہیں آزادی کے سوا کوئی حل قبول نہیں ،سید علی گیلانی،میراعظ عمرفاروق ،یاسین ملک ،شبیر شاہ سمیت قائدین حریت کی استقامت کو سلا م پیش کرتے ہیں ،شہ رگ دشمن کے قبضے میں ہے اہل پاکستان آگے بڑھ کر اپنا بھرپور کردارادا کریں ،شہداء کے مقدس لہو کے نتیجے میں آج تحریک پوری طاقت کے ساتھ زندہ ہے ،مقبوضہ کشمیر میں شہید ہونے والوں کو پاکستانی پرچموں میں لپیٹ کر دفنایا جاتا ہے مقبوضہ کشمیر کی بچیاں ننھے ہاتھوں میں پتھر اٹھا کر 8لاکھ ہندوستانی افواج کامقابلہ کررہی ہیں مغرب کے ایوانوں میں اس پر آواز کیوں نہیں اٹھائی جاتی ہندوستان کی جیلوں میں قیدیوں کے ساتھ انسانیت سوز سلوک کیا جاتا ہے سید صلاح الدین کے بیٹے سمیت ہزاروں کشمیریوں پر حراست میں لے کر تشدد کیا جاتا ہے عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے ،ان خیالات کااظہارانہوں نے یکجہتی کشمیر کانفرنس اورریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی شیخ عقیل الرحمان،ڈپٹی سپریم کمانڈر حزب المجاہدین شمشیر خان،اسسٹنٹ سیکرٹری قاضی شاہد حمید ایڈووکیٹ،پروفیسر غلام مصطفی،راجہ نزاکت علی خان،اصغر رسول،خالد زیدی،عبدالعزیز علوی،چوہدری شوکت ایڈووکیٹ،قاری محمد اسلم،آصف یعقوب ایڈووکیٹ،حافظ عبدالصمد،عزیر غزالی سمیت دیگر راہنمائوں نے خطاب کیا ،کانفرنس کے اختتام پر عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں الخدمت فائونڈیشن کے رضا کاروں نے بھی شرکت کی ،یکجہتی کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان کا مظفرآباد آ کر کشمیریوں سے یکجہتی کرنا خوش آئند ہے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی آزادکشمیر کو لوڈ شیڈنگ سے مستثیٰ قرار دیں ،مہاجرین کے مسائل کو حل کریں اور آزاد کشمیر میں سوئی گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ہائیڈرل پراجیکٹس کے حوالے سے آزادکشمیر حکومت کے ساتھ معاہدات کا اہتمام کریں انہوں نے کہاکہ بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے قائدین نظریہ پاکستان کی بقاء اور سلامتی کی وجہ سے پھانسیوں کے پھندوں پر جھول رہے ہیں جو پاکستان کی کمزور خارجہ پالیسی کی وجہ سے ہوا ،انہوں نے کہاکہ نریند ر مودی جس کے داخلے پر امریکہ میں پابندی تھی مگر ہماری خارجہ پالیسی کی ناکامی کی وجہ سے امریکہ نے اسے ویلکم کیا 4سال تک وزیر خارجہ کا نہ ہونا بھی لمحہ فکریہ ہے انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان فوری طور پر نائب وزیر خارجہ کا تقرر کرے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو صوبوں سے زیادہ حقوق دیئے جائیں سی پیک کا گیٹ وے گلگت بلتستان ہے وہاں کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کیا جائے ،انہوں نے کہاکہ گذشتہ روز ہٹیاں بالا میں پروفیسر جمیل ساتھ ہونے والے واقعہ قابل مذمت ہے وزیر اعظم فوری طور پر ڈی سی اور ایس ایچ او کو معطل کر کے ان کے خلاف کاروائی کریں انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی کا کام عوام کی خدمت ہے قوم کے معماروں کے گریبان میں ہاتھ ڈالنا نہیں ہے اگر یہ سلسلہ جاری رہا تھا تو حکمرانوں کے گریبانوں تک بھی یہ ہاتھ پہنچیں گے واقعے کی انکوائری کروا کر کیفرکردار تک پہنچایا جائے انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ویژن 2030کے مطابق بیس کیمپ کی خوشخالی اور کشمیر کی آزادی کے لیے اپنا بھرپور کردارادا کرتی رہے گی ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شیخ عقیل الرحمان نے کہاکہ قاضی حسین احمد  نے یکجہتی کشمیر کا آغاز کیا جو اجتماعی طور پر تسلسل کے ساتھ جاری ہے موجودہ و سابقہ وزیر اعظم اور پاک فوج کے سپہ سالار شہ رگ کو دشمن کے قبضے سے چھڑانے کے لیے عملی اقدامات کریں ،مصلحت کی پالیسی تر ک کرتے ہوئے کشمیریوں کی پشتیبانی کا حق ادا کریں ،انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان متاثرین زلزلہ کے 56ارب روپے کی واپسی کا اعلان کریں تا کہ جو بلڈنگ زیر تعمیر ہیں بروقت تکمیل ممکن ہو سکے ۔