نئی دلی:سید صلاح الدین کے بیٹے کے ریمانڈ میں 7مارچ تک توسیع

نئی دلی(کے ایم ایس )نئی دلی کی ایک عدالت نے ممتاز آزادی پسند رہنما سید صلاح الدین کے فرزند سید شاہد یوسف کے عدالتی ریمانڈ میں 7مارچ تک توسیع کر دی ہے۔ سید شاہد یوسف کو بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے )نے ایک جھوٹے مقدمے میں گزشتہ تین ماہ سے زائد عرصے سے گرفتار کر رکھا ہے اور وہ اس وقت نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑجیل میں ہیں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید شاہد یوسف کے اہلخانہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ این آئی اے شاہد یوسف کے خلاف کچھ ثابت کرنے میں ناکام ہوچکی ہے اور وہ بلا وجہ انکی نظر بندی کو طو ل دے رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ شاہد یوسف کی سلامتی کے بارے میں فکر مند ہیں۔ اہلخانہ نے کہا کہ جیل انتظامیہ نے شاہد یوسف دیگر کشمیری نظر بندوں کو ایک بار سخت تشدد کا نشانہ بنا یا تھا۔