عاصمہ جہانگیر نے انسانی حقوق کے لئے بہت جدوجہد کی،لطیف اکبر

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر نے پاکستان کی معروف قانون دان عاصمہ جہانگیر ایڈووکیٹ کی اچانک وفات پر انتہائی افسوس اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عاصمہ جہانگیر نے انسانی حقوق کے لئے بہت جدوجہد کی، انہوں نے نہ صرف آمروں کے خلاف جدوجہد کی بلکہ حقیقی معنوں میں جمہوریت کی بحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ عاصمہ جہانگیر انتہائی قابل وکیل تھیں اور اپنا مؤقف دلائل کے ساتھ پیش کرتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر بہت ہی باصلاحیت، بہادر اور نڈر خاتون تھیں، انکی وفات سے انسانی حقوق کی جدوجہد کا ایک باب بند ہوگیا۔ چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ عاصمہ جہانگیر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لئے کی خدمات بھی قابل تحسین ہیں انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام باالخصوص خواتین اور بچوں پر انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں کے خلاف اقوام متحدہ، ایمنسٹی انٹرنیشنل، ایشیا واچ اور تمام بین الاقوامی انسانی حقوق تنظیموں میں بھرپور آواز بلند کرتی رہی ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ملک ایک جمہوری شمع سے محروم ہو گیا۔ عاصمہ جہانگیر زندگی بھر جمہوریت اور قانون کی بالادستی کے لئے جدوجہد کرتی رہیں، پاکستانی قوم ایک دلیر بیٹی اور ماں کے انتقال پر غمزدہ ہے۔ عاصمہ جہانگیر کا نام تاریخ کے سنہرے الفاظ میں لکھا جائیگا۔ انہوں نے کہا ہے کہ عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر پیپلز پارٹی سوگ میں ہے۔ دکھ کے ان لمحات میں ہم لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
آزاد جموں وکشمیر کے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے معروف وکیل رہنما، انسانی حقوق کی سرگرم رکن محترمہ عاصمہ جہانگیر ایڈووکیٹ کے وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے ۔وزیر اعظم نے اپنی تعزیتی پیغام میں کہا کہ محترمہ عاصمہ جہانگیر ایڈووکیٹ ایک ناڈر بے خوف اور دلیر خاتون تھیں جنہوں نے جمہوریت انسانی حقوق ،آئین و قانون کی عملداری کیلئے تاریخ ساز جدوجہد کی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت پسند شخصیت کے طور پر انہیں مدتوں یاد رکھا جائے گا۔ وزیر اعظم نے ان کے خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی وفات کو ملک کے ایک بڑا خلا قرار دیا جسے مدتوں پر نہیں کیا جاسکے گا۔ وزیر اعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنی جوار رحمت میںجگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل ۔