ایل او سی پر بھارتی جارحیت خطے کے امن کیلئے خطرہ ہیں، برجیس طاہر

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے ایل او سی پر بھارت کی جانب سے حالات کو کشیدہ کرنے کے اقدامات کی شدید الفاظ میں مزمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے ایل او سی پر بڑھتی جارحیت کسی بڑے تصادم کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے، انہوں نے کہا کہ چند رپورٹس کے مطابق بھارت ایل او سی پر ٹینک شکن مزائل نصب کر رہا ہے جو کہ خطے میں جنگی کیفیت کو ہوا دینے کے مترادف ہے ، انہوں نے عالمی برادری سے بھارت کی جانب سے جارحیت پر مبنی ان اقدامات کا فوری نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے ایسے انتہائی اقدامات خطے کے امن کے لیے انتہائی خطرناک ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے بھارت نے ایل او سی پر جارحیت کو ایک معمول کی کاروائی بنا لیا ہے اور صرف ایک سال میں بھارت نے سینکڑوں مرتبہ ایل او سی پر جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزی کی اور درجنوں شہریوں کو شہید کیا ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی افواج ایل او سی پر بھارتی جاریت کا منہ توڑ جواب دے رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ بھارت تو کیا پوری دنیا پاک افواج کی پیسہ وارانہ صلاحیتوں سے بخوبی واقف ہیں اور جس طرح پاکستان کی افواج اور سکیورٹی اداروں نے پاکستان سے دہشت گردی کے ناسور کو شکست دی ہے اس کہ کوئی مثال نہیں ملتی ،انہوں نے کہا کہ بھارت کو اچھی طرح اندازہ ہے کہ اس کی کسی بھی قسم کی شرارت کا کیا نتیجہ نکلے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جنگی اقدامات سے بھارت درحقیقت پاکستان کو کشمیروں کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت سے دستبردار کرانا چاہتا ہے جس میں اس کو کبھی کامیابی حاصل نہ ہو گی ، انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے اور پاکستان تمام تر حالات میں اپنے کشمیروں کی حق خود ارادیت کہ حمایت جاری رکھے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی یہ خام خیالی ہے کہ وہ انسانیت سوز مظالم سے غیور کشمیروں کو حق خود ارادیت کے مطالبے سے دستبردار کروا سکتا ہے ، انہوں نے کہا کہ حق خود ارادیت کہ اس جدوجہد کو بہادر کشمیروں نے اپنی لاکھوں جانوں کی قربانیوں سے زندہ رکھا ہے اور آج بھی کشمیروں کی تیسری نسل روزانہ کی بنیاد پر اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کی قراردادوں میں تسلیم شدہ اور دیے گئے حق خود اراویت کے حصول کے لیے جانوں کی قربانیاں پیش کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی گلیوں اور سڑکوں پر پاکستان کے پرچم لہرانے اور پاکستان زندہ آباد کے نعرے کشمیروں کی پاکستان سے وابستگی کا کھلا اظہار ہے جس کا عالمی برادری کو احترام کرتے ہوئے جلد او جلد کشمیر میں استصواب رائے کا انعقاد کرانا چائیے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت کشمیروں کی پاکستان سے اس وابستگی کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور حق خود ارادیت کے حصول کے لیے تمام تر حالات میں اپنے کشمیروں کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔
