قومی خزانہ لوٹنے والوں کو جیل کی ہوا کھانی پڑیگی،مشتاق منہاس

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات، ائی ٹی و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ لودھراں میں مسلم لیگ ن کے امیدوار کی بھاری اکثریت سے کامیابی قائد پاکستان محمد نواز شریف پر عوام کے بھرپور اعتماد کی عکاس ہے۔ فراڈی ٹولہ ریاست کا خزانہ دیمک کی طرح چاٹ گیا۔ سرکاری گاڑیاں بیچ کر جھوٹی ایف آئی آر درج کرانے والوں کا احتساب قریب ہے اسی لئے وہ کاٹنے کو دوڑ رہے ہیں۔راجہ محمدفاروق حیدر جی دار اور قائد پاکستان محمد نواز شریف کا نڈر ساتھی ہے۔لودھراں میں شیر کی جیت عوام کا مسلم لیگ ن پر اعتماد ہے۔وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار اپنے خصوصی بیان میں کیا۔راجہ مشتاق منہاس نے کہا کہ جب سے اقتدار میں ائے ہیں نظام کو ٹریک پر لانے کے لئے سرگرم ہیں جس کا گذشتہ حکومت کے مخصوص ٹولے نے حلیہ بگاڑ دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ دور حکومت میں قومی خزانے کو انتہائی بے دردی سے لوٹا گیا،ہرمحکمے میں لوٹ سیل لگی ہوئی تھی،نوکریاں بکتی تھیں،اورپیسے کمیشن ایجنٹ کھاتے تھے جن کی کوٹھیوں پر کچھ ضمیر فروش دھمالیں ڈالتے تھے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کے سربراہ راجہ فاروق حیدر نے جب سے احتساب کا عندیہ دیا ہے سرکاری گاڑیاں فروخت کرنے والوں کی نیندیں اڑنے لگی ہیں مگر وہ بچ نہیں سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ قومی خزانہ لوٹنے والوں کو اب تھوڑی جیل کی ہوا کھانی پڑیگی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ لودھراں میں شیر کی جیت عوام کا نواز شریف کی قیادت اور مسلم لیگ ن کی پالیسیوں پرمکمل اعتماد کا اظہارہے
