بلدیاتی نمائندے بلاتخصیص عوام کی خدمت کو یقینی بنائیں: فاروق حیدر

اسلام آباد( پی آئی ڈی)وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر و صدر پاکستان مسلم لیگ ن آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان سے ایڈمنسٹریٹرز ضلع کونسل،ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹیزاور ایڈمنسٹریٹرز ٹائون کمیٹیز کی جموں وکشمیر ہائوس میں ملاقات۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ بلدیاتی نمائندے بلاتخصیص عوام کی خدمت کو یقینی بنائیں ،دفترآنے والے ہر سائل کی جائز شکایات کا ازالہ کیا جائے، مسلم لیگ ن کی حکومت میں کارکنوں کے جائز کام نہیں رکنے چاہیں۔ بلدیاتی نمائندے جماعت کی مضبوطی کیلئے بھرپور محنت کریں اور کارکنوںکی جائز شکایت کو موقع پر حل کریں ۔ عارضی انتظام کے تحت بلدیاتی اداروں میںموجود نمائندے تعمیر و ترقی اور عوامی مسائل کے حل کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کارکنوں کی حکومت ہے ، کارکنوں کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے اور ان کی شکایات کے ازالے کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کی بہترین کارکردگی میں کارکنوں کا بھی حصہ ہے جنہوں نے جماعت کے ہر مشکل فیصلے کو کھلے دل سے تسلیم کیا۔ کارکنان کا اعتماد ہمارا سرمایہ ہے ،بلدیاتی نمائندے کارکنان سے رابطہ رکھیں اور اہم معاملات میں ان سے مشاورت یقینی بنائیں ۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے اپنے ڈیڑھ سالہ اقتدار کے دوران درست سمت پر منظم انداز میں پیش قدمی ہے۔انہوںنے کہا کہ حکومتی کارکردگی پر کارکنان کا اعتماد حوصلہ افزاء ہے ۔