دشمن اسی چوکی سے آئے روزنہتے عوام کو نشانہ بنارہا تھا،پاک فوج نے بزدلوں کی جڑ ہی کاٹ دی

راولپنڈی(اے بی سی نیوز)پاک فوج نے ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ کا جواب دیتے ہوئے شہریوں کو نشانہ بنانے والی
بھارتی چوکی تباہ کردی جس کے نتیجے میں 5 بھارتی فوجی ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ کنٹرول لائن تتہ پانی سیکٹر میں واقع بھارتی فوجیوں کی چوکی سے آزاد کشمیر میں شہری آبادی پر گولہ باری کی جا رہی تھی، پاک فوج نے بھارتی اشتعال انگیزی کا جواب دیتے ہوئے بھارتی فوجی چوکی کو تباہ کردیا جس کے نتیجے میں 5بھارتی فوجی مارے گئے ہیں جبکہ کئی بھارتی فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ معصوم شہریوں کے خلاف بھارتی دہشت گردی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔دریں اثنا پاک فوج نے بھارتی چوکی پر جوابی گولہ باری کی ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں واضح طور پر چوکی کو تباہ ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔واضح رہے کہ اس سے پہلے بھارتی فوج نے بٹل سیکٹر میں بچوں کی اسکول وین پر فائرنگ کی جس سے ڈرائیور شہید ہوگیا۔ واقعے پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے پاکستان نے سخت احتجاج کیا اور احتجاجی مراسلہ بھی دیا۔ دفتر خارجہ کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جنگ کے دنوں میں بھی اسکولوں اور ہسپتالوں پر حملے نہیں کیے جاتے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے شہریوں کو نشانہ بنانے کا غیر اخلاقی و غیر پشیہ ورانہ سلسلہ جاری ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے اسکول وین کو نشانہ بنایا جانا جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے سوشل میڈیا پر وین میں بیٹھی ہوئی ایک طالبہ کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی جس میں وہ بھارتی اشتعال انگیزی کے بارے میں بتا رہی ہے۔
