موجودہ تعلیمی نظام سے مطمئن نہیں ،اس میں انقلابی تبدیلیاں لائیں گے راجا فاروق حیدر خان

مظفرآباد(صباح نیوز)وزیراعظم آزادکشمیر راجا فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ میں خواتین کے لیے بڑے پیکیجز لائیں گے،خواتین اس ملک کی آبادی کا نصف ہیں ،یہ بات خوش آئند ہے کہ آزادکشمیر میں شرح خواندگی میںیہ پیچھے نہیں ،موجودہ تعلیمی نظام سے مطمئن نہیں ،اس میں انقلابی تبدیلیاں لائیں گے،جامعہ خواتین آزادکشمیر کا اعلیٰ تعلیمی ادارہ ہے ،ریاست کی بچیاں محفوظ ماحول میں تعلیم حاصل کر رہی ہیں،اراضی سمیت دیگر مسائل حل کرنا میری ذمہ داری ہے ،وائس چانسلر کی کارکردگی نے بہت متاثر کیا ،باغ کا دورہ کر کے ایک دن پورا یونی ورسٹی میں گزاروں گا،استاد کے ہاتھوں میں قوم کی بنیادیں ہوتی ہیں،اس لیے ان پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ وہ طلبہ کی اخلاقی و فکری تربیت کریں ،جامعات ملکوں کو بنیادیں فراہم کرتی ہیں،آزادکشمیر میں پی ایچ ڈی ،ایم فل کی ریسرچ کا بنک بنائیں گے تاکہ اسکالرز کی تحقیق سے قوم کو بھی فائدہ پہنچے،چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کا شکر گزار ہوں جنھوں نے آزادکشمیر کی جامعات کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ،ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامعہ خواتین باغ کے فیکلٹی اراکین میں اسکالرشپس اور طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ،تقریب سے وزیر جنگلات سردار میر اکبر خان ،وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد حلیم خان نے بھی خطاب کیا ،اس موقع پر 20فیکلٹی اراکین کو قومی و بین الا اقوامی اسکالر شپس اور 300طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے ۔قبل ازیں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد حلیم خان نے یونی ورسٹی کی مجموعی کارکردگی ،وسائل و مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے انھیں باقاعدہ یونی ورسٹی میں آنے کی دعوت دی تو وزیراعظم نے قبول کر لی، اس موقع پر پی آر او غیور عباس نے شرکاء کو بریفنگ دی ،تقریب میں پرنسپل میڈیکل کالج ڈاکٹر سروش مجید،رجسٹرار،ڈین فیکلٹیز،سربراہان شعبہ جات ،فیکلٹی اراکین ،اسکالرز ،میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔تقریب سے اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے مزید کہا کہ حقد ار کو حق ملے بغیر معاشرے میں امن نہیں آ سکتا،آزادکشمیر میں میرٹ کی بحالی کے لیے حکومت نے جو اہداف طے کیے تھے ان کو پورا کیا ہے ،پبلک سروس کمیشن اور این ٹی ایس کے ذریعے میرٹ پر کام ہو رہا ہے ،آئندہ کچھ عرصہ میں اساتذہ کی مزید تین ہزار اسامیوں پر این ٹی ایس ٹیسٹ ہو گا،نصاب سازی میں پانچ پی ایچ ڈی بھرتی کریں گے ،مستقبل میں بھی بہت سی انقلابی تبدیلیاں لائیں گے ،وزیراعظم نے کہا کہ نا انصافی تشدد ،لاقانونیت،انارکی پیدا کرتی ہے ،قومیں تباہ ہو جاتی ہیں،ریاست ڈنڈنے پر قائم نہیں رہ سکتی ،معاشرہ ریاستیں قائم کرتا ہے ،وزیراعظم نے طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یونی ورسٹی میں زیر تعلیم ہونا معمولی بات نہیں ،دنیا کی یونی ورسٹیز میں معاشرے کے سب سے ذہن طبقے کو داخلہ ملتا ہے ،نوجوان نسل سوشل میڈیا کو چھوڑ دیں اس سے معاشرے میں بگاڑ جنم لے رہا ہے ،اس موقع پر وزیر جنگلات نے اپنے خطاب میں یونی ورسٹی کی کارکردگی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اختلافات اپنی جگہ مگر اداروں کے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،انھوں نے یونی ورسٹی کو میجر ایوب خان کے نام منسوب کرنے پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا ،تقریب کے آخر میں یونی ورسٹی کی جانب سے وزیراعظم کو شیلڈ بھی پیش کی گئی۔