محکمہ برقیات باغ کی من مانیوں کا سلسلہ عروج پر،شہری پریشان

اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی)محکمہ برقیات باغ کی من مانیوں کا سلسلہ عروج پر جا پہنچا۔ کیاٹ وارڈ کے مکین بھاری بلوںکے بوجھ تلے دب کر رہ گئے۔استعمال شدہ یونٹ سے زائد بل تھما دئیے جاتے ہیں ۔کئی بار برقیات ذمہ داران کو زائد بلوں کے مسلے سے آگاہ کیا مگر کوئی تسلی بخش اقدام سامنے نہیں آیا۔ان خیالات کا اظہار عوام علاقہ کیاٹ وارڈ نے روزنامہ کشمیر ٹوڈے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔عوام علاقہ کا کہنا ہے کہ محکمہ برقیات کی جانب سے زائد یونٹوں کا بل تھما دیا جاتا ہے۔زائد بلوں کے مسلے پر ایس ڈی او کے پاس گئے مگر ایس ڈی او نے یہ کہا کہ آپ کے پرانے میٹر ہیں جو کہ خراب ہیں اور بہت سست چلتے ہیں جس کے باعث بجلی کے بلوں کا مسلہ ہے آپ نئے میٹر لگوائیں جس کے بعد کئی لوگوں نے نئے میٹر کیلئے درخواستیں بھی دے دیں اور فیس جمع کروائی مگر تا حال میٹر تبدیل نہیں ہوسکے اور بجلی کے زائد بلوں کا سلسلہ جاری ہے۔عوام علاقہ کا کہنا ہے کہ کئی لوگ ایسے بھی ہیں جنہوںنے 2014میں نئے میٹر کیلئے درخواستیں دی تھی مگر اب تک نئے میٹر نہیں لگائے جا سکے ہیں۔عوامی حلقوں نے محکمہ برقیات اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کے زائد بلوں کا مسلہ فیالفور حل کیا جائے۔میٹر کی تبدیلی یا محکمہ سے متعلق کوئی بھی کام ہو اس کی ذمہ داری محکمہ کی ہے عوام کو زائد بل  تھما دینا  سراسر نا انصافی ہے۔حکومت سے مطالبہ ہے کہ محکمہ برقیات کا قبلہ درست کر کے عوام کے مسائل حل کئے جائیں۔