پیپلز پارٹی کور کمیٹی نے کشمیر کونسل ایشو پر پالیسی تشکیل دیدی

اسلام آباد(خبرنگار خصوصی)کشمیر کونسل کے مستقبل کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی کور کمیٹی کا اجلاس پارٹی کے صدر چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سابق صدر آزادکشمیر سردار یعقوب خان، سابق وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید، پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے سیکرٹری جنرل فیصل ممتاز راٹھور، چیف آرگنائزر سردار غلام صادق، نائب صدور محمد مطلوب انقلابی، میاں عبدالوحید، سیکرٹری اطلاعات سردار جاوید ایوب، آرگنائزر برائے مہاجرین اظہر حسین گیلانی، ممبران کشمیر کونسل پرویز اختر اعوان، محمد یونس میر نے شرکت کی۔ سابق وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کی رہائش گاہ پر تین گھنٹے جاری رہنے والے اس اہم اجلاس میں کشمیر کونسل کے ایشو پر باہمی مشاورت کے بعد ایک متفقہ پارٹی پالیسی مرتب کی گئی۔جس کا باضابطہ اعلان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کی قیادت آج پریس کانفرنس میں کرے گی۔ اجلاس کے آخر میں پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کور کمیٹی کے اراکین نے سابق وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کی بھاوج کی وفات پر فاتحہ خوانی بھی کی۔
